• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں یکجہتی کی ضرورت اجاگر کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان ان کے جذبہ حب الوطنی کا مظہر اور اس روایت کا اعادہ ہے کہ ہر مشکل وقت میں پاکستانی قوم کے تمام حلقے اختلافات بھلا کر متحد و منظم نظر آتے ہیں۔ جمعرات کے روز سندھ اسمبلی کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پی پی پی کے چیئرمین موجودہ وقت کو حکومت پر تنقید کیلئے غیر موزوں قرار دیتے ہوئے جب اس توقع کا اظہار کر رہے تھے کہ وزیراعظم عمران خان اس مشکل وقت میں قیادت کریں گے تو درحقیقت وہ اسی جذبے کا اظہار کر رہے تھے جس کا دنیا نے 2005ء کے خوفناک زلزلے، صدی کے بدترین سیلاب اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت مختلف مواقع پر مشاہدہ کیا۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ موجودہ ابتلا کے دوران بھی تمام ہی سیاسی و غیر سیاسی حلقوں کی طرف سے اپنے اپنے پیرایہ اظہار میں اسی کیفیت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے درست کہا کہ اگرچہ کورونا کی بیماری فلو سے دس گنا خطرناک ہے مگر پاکستان اس وبا کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے سندھ حکومت کے مختلف اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے تمام صوبوں کو اعانت فراہم کرنے اپیل کی اور بیماری کا پھیلائو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون سمیت ہنگامی اقدامات کی ضرورت اجاگر کی۔ کیا ہی اچھا ہو کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر آن لائن باہمی مشاورت کے ذریعے ایسے موثر اقدامات بروئے کار لائیں جن سے کورونا وائرس پر جلد قابو پانا ممکن ہو اور یومیہ روزی کمانے والے افراد سمیت معاشی مشکلات کی زد میں آنے والوں کو بھوک کے عذاب سے بھی موثر طور پر بچایا جا سکے۔

تازہ ترین