کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان کو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب ہر صورت میں جانا ہوگا، کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر لاک ڈاؤن ہی وائرس پر قابو پانے کا واحد حل ہے،ہر دن اور ہر گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلے کو مشکل بنارہی ہے،ہم لاک ڈاؤن کرنے میں پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں، لاک ڈاؤن پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں جلد از جلد بحران میں کمی اوروبا پرقابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ لینا ہوگا،کوئی صوبہ تن تنہا کرونا وائرس کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمیں لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیے،ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیے۔بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جہاں ہم اچھے کیلئے پُرامید ہیں، وہیں بدترین کیلئے بھی تیار ہیں اگر بدترین صورتحال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا،ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کرینگے، مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کرینگے،جب تک حکومت لاک ڈاؤن کیلئے تیار نہیں ہوجاتی، عوام اپنے گھروں پر رہیں،شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لئے گھروں پر رہیں۔