کراچی(اے این این ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کے 91ویں یوم پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ کل 23 مارچ کو منائی جائیگی۔ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد، بیگم نصرت بھٹو نے آمر ضیاء اور اسکی جابر مشنری کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا اور ایم آر ڈی و جمہوریت کی بحالی کی تحریک کی سربراہی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے اس جدوجہد میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ جمہوریت اور عوام کے حقوق کی اس جدوجہد کے دوران انہوں نے اپنے خاوند، دو بیٹوں شہید شاہنواز بھٹو اور شہید میر مرتضی بھٹو اور بیٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو کھویا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان ہمیشہ بیگم نصرت بھٹو کو یاد رکھیں گے اور وہ ان کے دل و دماغ میں زندہ رہیں گی، کیونکہ وہ جیالوں کو اپنے سگے بیٹوں اور بیٹیوں کی طرح پیار کرتی تھیں۔