• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام نے تعاون نہ کیا تو ساری محنت ضائع ہو جائیگی، بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا لاک ڈاؤن کے دوران عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اگر آپ 14 دن کے لیے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہو تو ساری محنت ضائع ہو جائے گی۔

ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا وائرس کے حوالے سے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا ہے کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ آپ سندھ حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں، زندگی کا تحفظ کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، کسی بھی حکومت کی اہم ذمے داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے، لوگ بیمار اور ہلاک ہو رہے ہیں، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور عوام کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لیے ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے، اگر لاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہو جاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جا سکے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جانتا ہوں کہ لاک ڈاؤن کے دوران بہت سے لوگ پریشان ہوں گے کہ وہ کیسے گزارہ کریں گے؟ لاک ڈاؤن کےدوران راشن کی ضرورت ہے تو سندھ حکومت کوشش کرے گی کہ آپ کو راشن پہنچائے۔


انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ غریبوں کا خیال رکھیں، مخیر حضرات سندھ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جا سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جانتا ہوں کہ نوکری پیشہ طبقے کو خدشہ ہو گا کہ کہیں وہ لاک ڈاؤن کے دوران بے روزگار نہ ہو جائیں، سندھ حکومت نےنوٹی فکیشن نکالا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کسی کو بے روزگار نہیں کر سکتا، یہ نوٹی فکیشن بھی نکالا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ملازمین کو پوری تنخواہیں دینی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، بلاول بھٹو نے 4 اہم کمیٹیاں بنادیں

انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ اگر آپ جہاں نوکری کرتے ہیں وہ سندھ حکومت کے فیصلے کو نہیں مان رہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے صنعت کار و کاروباری حضرات سے مخاطب ہو کر کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران اگر آپ ملازمین کو نہیں نکالتے اور تنخواہیں دیتے ہیں تو سندھ حکومت بعد میں آپ سے بھی تعاون کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت ایسے اقدامات بھی کر رہی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف بھی پہنچا سکے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری مدد کرے۔

تازہ ترین