حال ہی میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے فیروز خان نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ علیزے کے لیے ایک خوبصورت پیغام شیئر کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فیروز خان نے اہلیہ کے ہمراہ ہنستے مسکراتے لی گئی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی پیار بھرا پیغام بھی لکھا۔
انہوں نے شادی کی سالگرہ پر شیئر کئے گئے پیغام میں اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تم صبح کی طرح روشن ہو اور آج کی طرح مضبوط ہو۔‘
واضح رہے کہ مارچ 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے فیروز اور علیزے کی شادی کو 2 سال کا عرصہ گزر گیا، جوڑے نے گزشتہ روز اپنی شادی کی سالگرہ منائی۔
فیروز خان کے ہاں گزشتہ برس مئی میں ننھے مہمان کی آمد ہوئی جس کا نام سلطان فیروز خان ہے۔
فیروز خان پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں اداکاری کر چکے ہیں جبکہ ڈرامہ انڈسٹری میں بھی فیروز خان’ خانی‘ اور’ رومیو ویڈز ہیر‘ جیسے معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
دوسری جانب علیزے کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے۔