شہرِ قائد میں کام کرنے والے 2 بڑے فلاحی اداروں نے کرونا وائرس کے پیش نظر بند کیے جانے والے غسل، کفن اور سرد خانے کھول دیئے۔
سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق 3 روز قبل بند کیے گئے سرد خانوں اور غسل خانوں کو کھول دیا گیا ہے، اب کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کو بھی غسل دیا جائے گا۔
فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا تو غسل دینے والے حفاظتی انتظامات کر لیں گے۔
دوسری جانب رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ سرد خانوں اور غسل خانوں کو حفاظتی اقدامات کے بعد کھول رہے ہیں، چھیپا ایمبولینس میں کورونا ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور اسٹاف کو الگ کیا گیا ہے۔
رمضان چھیپا نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متعلق ایمبولینس الگ کر رکھی ہے، یہ ایمبولینس عملہ مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں مزید 12 مقامات پر ناکے لگا دیے گئے
یاد رہے کہ چند روز قبل ایدھی اور چھیپا ویلفیئر نے اپنے تمام غسل ، کفن اور سرد خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام انتظامات کو فوری روک دیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے پیاروں کی میتوں کے لیے ادارے پر دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ یہ قدم مجبوری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔