• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،لاک ڈاؤن خلاف ورزی پر ایک دن میں 157 مقدمات درج کیے، پولیس چیف

سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شہریوں سے گھروں میں بیٹھے رہنے کی اپیل کے باوجود لاک ڈاؤن کے 18 ویں روز کراچی کی سڑکوں پر عوام مختلف حیلے بہانے بنا کر موجود ہیں ، پولیس نے ایک دن میں لاک ڈاؤن خلاف ورزی پر 157 مقدمات درج کرلیے ہیں۔

گزشتہ دنوں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو حکم دیا تھا کہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل کرایا جائے لیکن کراچی میں لاک ڈاؤن کے اٹھارویں روز بھی صورتحال پہلے جیسی ہی ہے۔

شہر میں قانون  نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے ناکے لگے ہوئے ہیں لیکن عوام اپنی روزمرہ کے کام سرانجام دینے کے لیےحیلے بہانے بنا کر گھروں سے نکل ہی رہے ہیں۔

پولیس نے بھی لاک ڈوان پر عملدرآمد کرانے کے لیے سختی کرتے ہوئے ایک ہی دن میں 157 مقدمات درج کیئے، کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 422 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 448 گاڑیاں بھی بند کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی روکنے کے لیے جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں، شہریوں سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے بھی وضاحتی نوٹیفیکیشن میں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے پیش نظر تمام قسم کے مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

تازہ ترین