• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈی گاگا کا کورونا فنڈ جمع کرنے کیلئے ٹی وی پروگرام کا اعلان

لیڈی گاگا کا کورونا فنڈ جمع کرنے کیلئے ٹی وی پروگرام کا اعلان 


لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا نے سماجی تنظیم گلوبل سٹیزن کے ساتھ مل کر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈ جمع کرنے کی خاطر ٹی وی پروگرام کرنے کا اعلان کیا ہے۔لیڈی گاگا پہلے ہی گلوبل سٹیزن نامی تنظیم کے ساتھ مل کر تقریباً ساڑھے 3 کروڑ امریکی ڈالر کی رقم جمع کر چکی ہیں۔اب انہوں نے مزید فنڈز جمع کرنے کے لیے کئی گھنٹوں تک طویل میوزیکل انٹرٹینمینٹ ٹی وی پروگرام کرنے کا اعلان کردیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لیڈی گاگا اور گلوبل سٹیزن مشترکہ طور پر ون ورلڈ: ٹوگیدر ایٹ ہوم نامی کئی گھنٹوں پر مبنی پروگرام کریں گی۔رپورٹ کے مطابق گلوکارہ اور سماجی تنظیم کی جانب سے اعلان کردہ ٹی وی پروگرام کو رواں ماہ 18 اپریل کو متعدد امریکی ٹی وی چینلز سمیت سوشل میڈیا و ویب اسٹریمنگ چینلز پر بیک وقت نشر کیا جائے گا۔مذکورہ پروگرام کو امریکی ٹی وی چینل اے بی سی، این بی سی، سی بی ایس، آئی ہارٹ میڈیا اور بیل میڈیا نیٹ ورک پر نشر کیا جائے گا۔اسی پروگرام کو یوٹیوب، ایپل ٹی وی، انسٹاگرام و فیس بک پر بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔لیڈی گاگا نے اسی پروگرام کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی وی پروگرام میں امریکی گلوکارہ بلی آئلش، لیزو، سر ایلٹن جان، ڈیوڈ بیکھم، جان لیجنڈ، ایڈی ویڈر، کیری واشنگٹن، کولڈ پلے کرس مارٹن، جے بالون، اینڈریا بکولی اور مالوما سمیت دیگر شوبز و میوزک سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔لیڈی گاگا کے مطابق مذکورہ ٹی وی پروگرام میں حال ہی میں کورونا کا شکار ہونے والے اداکار ادریس ایلبا اور ان کی اہلیہ سبرینا ایلبا بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گی۔مذکورہ پروگرام کے نشر ہونے سے حاصل ہونے والی تمام رقم اور لیڈی گاگا کی جانب سے پہلے ہی جمع کی گئی ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کی رقم عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو فراہم کی جائے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیڈی گاگا اور گلوبل سٹیزن کی جانب سے جمع کی گئی رقم سے طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان خریدنے سمیت طبی آلات خریدے جائیں گے۔

تازہ ترین