امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی امداد روکنے کا اعلان کر دیا۔
ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارۂ صحت پر چین میں کورونا کی وبا پھیلنے کی سنگینی کو چھپانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتظامیہ کو ڈبلیو ایچ او کے فنڈز روکنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز اس وقت تک روکے جائیں گے جب تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپانے اور بد انتظامی سے متعلق عالمی ادارۂ صحت کے کردار کا جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔
امریکی صدر ٹرمپ کے کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے امریکا میں کورونا کی وبا سے متعلق شفافیت نہیں دکھائی۔
یہ بھی پڑھیئے: ٹرمپ کے ٹیکسز سے متعلق کیس کی سماعت مئی میں ہوگی
انہوں نے مزید کہا کہ اب اس بات پر غور کریں گے کہ ڈبلیو ایچ او کو دی جانے والی تمام رقم کا کیا کیا جائے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کا فرض ہے کہ وہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مکمل احتساب کے لیے اصرار کرے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ڈبلیو ایچ کو گزشتہ سال 40 کروڑ ڈالرز کی امداد دی تھی۔