امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریضوں کی بلکہ اس سے ہلاکتوں کی تعداد بھی دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہے تاہم وہاں اس وائرس کے معاملے پر امریکی حکومت اور ریاستیں حکومتوں میں آپس میں ٹکراؤ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔
امریکی ریاست نیویارک سمیت 5 ریاستوں کے گورنروں نے مشترکہ کورونا وائرس کونسل بنالی۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اتھارٹی کو چیلنج کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کھولنے کا فیصلہ خود کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
امریکا میں 24 گھنٹے کے دوران 26 ہزار سے زیادہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، ایک ہی دن میں مزید 1 ہزار 535 افراد جان سے گئے۔
امریکا میں 5 لاکھ 87 ہزار 155 افراد اب تک کورونا وائرس کی لپیٹ میں آئے ہیں جبکہ ہلاکتیں 23 ہزار 644 ہو چکی ہیں۔
کورونا کے امریکا میں 5 لاکھ 26 ہزار 563 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 12 ہزار 772 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 36 ہزار 948 کورونا مریض اب تک صحت یاب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا مریض5707، اموات 96
نیویارک میں کورونا وائرس سے ایک اسکول کے 21 اساتذہ اور شیلٹرز میں پناہ لینے والے 23 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی بحری بیڑے تھیوڈور روزویلٹ پر موجود امریکی بحریہ کا ایک اہل کار کورونا وائرس سے ہلاک ہو گیا۔