• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعجاز اسلم نے اپنے پہلے ڈرامےکی یاد تازہ کردی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم نے اپنے کریئر کے پہلے ڈرامے ’کشکول‘ کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن میں پاکستانی فنکار خود کو مصروف رکھنے کے لیے اپنے ماضی کو یاد کررہے ہیں، ایسے میں پاکستان کے قابل اداکار اعجاز اسلم نے بھی تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے پہلے ڈراما سیریل ’کشکول‘ کی تصاویر شیئر کرکے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو اپنا معروف کردار یاد دلا دیا۔


انسٹاگرام پر ’کشکول‘ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعجاز اسلم نے لکھا کہ ’آج بھی لوگ مجھے اِس ڈراما سیریل میں نبھائے جانے والے مشہور کردار ’روشو‘ سے پکارتے ہیں۔‘

اعجاز  اسلم نے اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ گُزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’کشکول سیما زیدی، غالب کمال اور مجھ سمیت 4 اداکاروں کا پہلا ڈراما تھا۔‘

اداکار نے اپنی پوسٹ میں اِس مقبول ترین ڈراما سیریل میں کام کرنے والے دیگر اداکاروں شبیر جان، شگفتہ اعجاز، طلعت حسین، مرحوم رضوان واسطی اور طاہرہ واسطی کے بھی نام لکھے۔

یاد رہے کہ ڈراما ’کشکول‘ کی ہدایت کار نصرت شاہین تھیں جبکہ یہ ڈراما 1993 میں آیا تھا اور ’کشکول‘ اپنے دور کا ایک مقبول ترین ڈراما تھا، یہی وجہ ہے کہ اداکار اعجاز اسلم کے چاہنے والے آج بھی اُنہیں کردار ’روشو‘ کے نام سے پہچانتے ہیں۔

تازہ ترین