• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پابندی کے باوجود حوالاتیوں سے ملاقاتیں کروانے کی شکایات

راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) قتل کیس کے حوالاتی سے مبینہ طور پر رشوت لیکر اسکی ملاقات کرانے والے اڈیالہ جیل کے 2اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران ریاض اور عدیل ظفر سمیت پی سی او آپریٹر ثاقب یاسین‘ حوالدار ذوالفقار نیازی اور وارڈز عمر حفیظ کو ڈی آئی جی آفس کلوز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے باعث تقریباً دو ماہ سے پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید اسیروں اورحوالاتیوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے۔ ان ملازمین پر الزام ہے کہ انہوں نے 27مئی کو اڈیالہ جیل بارک ایک کمرہ 8میں ایک حوالاتی سے اسکے والد‘ بھائی‘ بہنوئی اور اے سی میکینک کی ملاقات کرائی‘ اس دوران علی کی جیل ملازمین سے تکرار بھی ہوئی۔ معاملات خراب ہونے پر پی سی اوز اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران ریاض نے خود کو بچانے کیلئے روزنامچہ میں رپٹ درج کر لی اور بعدازاں حوالاتی کو قصوری چکی میں بند کرنیکی دھمکی دیکر اسکے گھر والوں سے مزید رقم منگوائی۔ اپنے خلاف رپٹ لکھے جانے اور تبادلہ کئے جانے پر آپریٹر ثاقب یاسین نے شور مچایا اور کہا کہ پیسے لیکر ملاقاتیں کرانے والوں کو بے نقاب کریگا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اڈیالہ جیل میں سپرنٹنڈنٹ کی اسامی 19ویں سکیل کی ہے جبکہ یہاں 18ویں گریڈ کے افسر کو سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حوالاتی علی سے جیل افسروں نے دو اے سی بھی لئے ہیں جبکہ پابندی کے باوجود بااثر اور مخیر اسیروں سے انکے عزیزوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور جیل کے بعض افسران خوب مال پانی بنا رہے ہیں۔
تازہ ترین