اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) حکومت اور کاروباری برادری کے مابین فنانس ایکٹ 2025 کی متنازع شقوں پر مذاکرات کامیاب ہوگئے، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور ملک بھر کے چیمبرز کے صدور نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا، ایف پی سی آئی اور اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، سرحد، گوجرانوالہ سمیت دیگر چیمبرز نے مشترکہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے میٹنگ مثبت ہوئی، کل ملک بھر میں کہیں ہڑتال نہیں ہو گی، آج ہفتہ کو مکمل بھر میں ہڑتال نہیں ہوگی ، ایف پی سی سی آئی کےصدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر کی کاروباری برادری کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے فنانس ایکٹ کی ٹیکس سےمتعلق متنازع شقیں واپس لے کر سفارشات وزیراعظم کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، حتمی منظوری وزیراعظم دینگے، پورے پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اس معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں،کچھ دوست ناراض ضرور تھے تاہم معاون خصوصی صنعت وپیداوار ہارونااختر خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ساتھ جمعہ کو ہونیوالے مذاکرات کے بعد اب تمام چیمبرز ہمارے ساتھ متفق ہیں،حکومت نے بزنس کمیونٹی سے مشاورت کے بعد فنانس بل اور سیلز ٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر لچک کا مظاہرہ کیا ہے، بزنس کمیونٹی کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے متنازع شقیں واپس لینے کا اعلان کیا ہے، اجلاس کے فیصلوں کے بعد ملک بھر میں کل کہیں کوئی ہڑتال نہیں ہو گی، اگر کسی ایک بندے نے احتجاج کی کال دی ہے تو انفرادی حیثیت میں دی ہو گی، بزنس کمیونٹی سے اس کال کا تعلق نہیں،سنئیر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز ملک بھر میں بزنس کمیونٹی کی طرف سے کہیں ہڑتال نہیں ہو رہی، حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات پر متنازع شقیں واپس لے لی ہیں، انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایف پی سی سی آئی اور انجمن تاجران پاکستان ایک پیج پر ہے،حکومت نے تمام مسئلے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، ایک ماہ کے اندر اندر مسلے حل ہو جائیں گے، ابھی ہڑتال کی ضرورت نہی،ر اولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر احتجاج کی کال موخر کر رہے ہیں،سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کےصدر اکرام الحق نے کہا کہ حکومت نے اجلاس میں حکومت نے مثبت روئیے کا مظاہرہ کیا ہے، قبل ازیں فنانس ایکٹ کیخلاف تاجروں کے احتجاج کا معاملہ پرمعاون خصوصی ہارون اختر کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہو ا ، اجلاس میں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی رانا احسان افضل ،چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال سمیت دیگر حکام کی شرکت کی ، اجلاس میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ ،کراچی،لاہور،راولپنڈی سمیت مختلف چیمبرز کے عہدیداران کی بھی شرکت کی ، اجلاس میں ٹیکس قانون سا زی کےحوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں صدر ایف پی سی سی آئی نے ٹیکس بل میں اٹھائے گئے انفورسمنٹ اقدامات کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے خدشات سے آگاہ کیا ، کمیٹی نے ٹیکس بل پر پائے جانے والے بزنس کمیونٹی کے خدشات کو دور کرنے کیلئے سفارشات کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی۔