• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں تُرک سیریز دیکھ کر ارطغرل بنتا جارہا ہوں، یاسر نواز

پاکستان کے معروف اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر یاسر نواز کا کہنا ہے کہ وہ شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ دیکھ کر ارطغرل بنتے جارہے ہیں۔

یاسر نواز نے گزشتہ روز اپنی اور ندا کی شادی کی 18ویں سالگر ہ کے موقع پر فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک لائیو سیشن کیا جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔


لائیو سیشن کے دوران ندا نے کہا کہ ’ہم اس لائیوسیشن کے ذریعے اُن تمام جھوٹی افواہوں کی تردید کرتے ہیں جو ہماری صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔‘

یاسر نواز نے کہا کہ ’ہمیں سال 2020 ہمیشہ یاد رہے گا کیونکہ اِس سال ہماری شادی کو 18 سال مکمل ہوگئے ہیں اور ہم کورونا کی وجہ سے 13 دن سے ایک ساتھ قرنطینہ میں ہیں۔‘

اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’سب سے کمال کی بات یہ ہے کہ اِن 13دنوں میں ندا نے مجھ سے کوئی لڑائی نہیں کی۔‘

ندا یاسر نے کہا کہ ’اِس دوران ہمیں تھوڑی گھبراہٹ اور بے چینی بھی تھی کہ کیسے سب ٹھیک ہوگا لیکن اللّہ کا شکر ہے اُس نے ہم پر اپنا کرم کیا۔‘

یاسر نواز نے کورونا میں کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے اپنے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کورونا کی وجہ سے ہم اے سی میں زیادہ نہیں بیٹھ رہے اور اپنی خوارک میں ہم کلونجی اور وٹامن سی کا استعمال کر رہے ہیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ہم زنک کی گولیوں کا استعمال کر رہے ہیں، دار چینی اور ادرک کی چائے باقاعدگی سے پی رہے ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنے پڑوسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’ہمارے پڑوسی ہمارا بہت خیال رکھ رہے ہیں۔‘

مداح کے ایک سوال کے جواب میں یاسر نواز نے کہا کہ ’میں ارطغرل غازی دیکھ کر ارطغرل بنتا جارہا ہوں۔‘

ندا یاسر نے  کہا کہ ’میں قرنطینہ کے دوران ارطغرل غازی دیکھ رہی ہوں اور یہ تُرک سیریز دیکھ کر ایک جوش پیدا ہوتا ہے کہ کیسے تاریخ میں مسلمانوں نے فتوحات اپنے نام کیں۔‘

آخر میں یاسر نواز نے کورونا علامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے بخار، جسم میں درد اور کمزوری ہوئی تھی جس کے بعد میں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جوکہ مثبت آیا ۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل ندا یاسر نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھاکہ میں یہ وضاحت کرنا چاہتی ہوں کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں بالکل خیریت سے ہوں۔


ندا یاسر نے اپنی صحت سے متعلق تمام جھوٹی افواہوں کی تردید کی تھی۔

تازہ ترین