وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی تصویر اپوزیشن لیڈر اور پارٹی صدر شہباز شریف کے لیے تھی کہ وہ کبھی بھی واپس آسکتے ہیں۔ شہباز شریف نے خود کو وزیراعظم سمجھنا شروع کردیا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ان کے پاس جب نیب کا وارنٹ جائے تو بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ لوگ کہاں ہیں جو 50 روپے کے اسٹیمپ پیپر پر دستخط کر کے بھاگ گئے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تصویر کا آنا پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کے لیے اشارہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تصویر پھیلانے کا مقصد تھا کہ عالم پناہ ٹھیک ہیں اور کبھی بھی آسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لندن کی تصویر شہباز شریف کو بتانے کے لیے تھی کہ وہ واپس آسکتے ہیں، شہباز شریف نے خود کو وزیراعظم سمجھنا شروع کردیا تھا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی۔
وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق غور کیا جارہا ہے، انہیں ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔
ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مجبوراً دوبارہ لاک ڈاؤن کریں گے
کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کاروبار کو مرحلہ وار کھولا اور لاک ڈاؤن کو نرم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا، اگر ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو کورونا سے متاتر ہوں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ارکان اسمبلی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں، مولا بخش چانڈیو بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر احتیاط نہ کیا گیا تو کورونا سے بہت نقصان ہوگا، عوام سے گزارش ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
شبلی فراز نے واضح کیا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو حکومت مجبور ہو کر لاک ڈاؤن دوبارہ سخت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وبا پر لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیتی ہے، عالمی سطح پر بڑی معیشتیں کورونا وبا کا سامنا نہیں کرپائیں۔
ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے جہازوں کی کمی تھی
ملک میں ٹڈل دل کے حملوں سے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹڈی دل کا حملہ 27 سال بعد ہوا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے پہلے ہمارے پاس جہازوں کی کمی تھی، تاہم 10 جون تک 15 طیارے آجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کورونا سے نمٹ رہے ہیں اسی طرح ٹڈی سے نمٹیں گے۔