اسلام آباد(رانا غلام قادر ) قومی اسمبلی میں پیرکے دن پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے اپنے روایتی انداز میں طنزیہ جملے بولے ۔ انہوں نے نام لئے بغیر وزیر مملکت زرتاج گل کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اب تو کرونا کی انیس قسمیں بتائی جارہی ہیں،عبدالقادر پٹیل نےنام لئے بغیر معاون خصوصی ڈاکٹرشہباز گل کو مسخرہ قراردے دیااورڈاکٹر شہباز گل کو گم کردینے کی بالواسطہ دھمکی دے دی۔ انہوں نےکہا کہ درمیان میں یہ شبر زیدی کولائے تھے وہ کہاں گیا کیاگبر سے ڈر گیا۔پی ٹی آئی کے زین قریشی نے اعداد وشمار سے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایااور کہا کہ کاش اپوزیشن والے کوئی تجاویز بھی دیتے، انہوں نے مرز اغالب کا یہ شعر بھی سنایاہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن دل کے خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھاہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ جونہی معاشی حالات بہتر ہوں گے،سر کاری ملازمین کی تنخواہوں میں ا ضافہ کر دیا جائے گا۔