• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اسرائیل جنگ: 12 روز کے دوران کس ملک کو کتنا نقصان اٹھانا پڑا؟

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

ایران اور اسرائیل کی جانب سے 12 روزہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق 12روزہ جنگ کے دوران ایران میں فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں سمیت 400 سے زائد شہادتیں ہوئیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے جو اعداد و شمار دنیا کے سامنے رکھے اس کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں 2 درجن سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

اس جنگ کے نتیجے میں دونوں ممالک کو بھاری مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ 

اعداد و شمار کے مطابق اگر صرف جنگی اخراجات کا جائزہ لیا جائے تو اسرائیل کا جنگ میں یومیہ خرچ 205 ارب روپے تھا، اسرائیل کو مجموعی طور پر 8.7 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا جبکہ  ایران کو پہنچنے والے مالی نقصان کا تخمینہ بھی اربوں ڈالرز میں لگایا گیا ہے۔

امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کو اپنے ایئر ڈیفنس یا اینٹی میزائل سسٹم پر یومیہ 10 ملین سے 200 ملین امریکی ڈالر پھونکنے پڑے۔

اسی طرح ایران نے حیفا میں قائم آئل ریفائنری پر جو حملہ کیا اس سے اربوں روپے کے انفرا اسٹرکچر کی تباہی کے علاوہ اسرائیل کو 85 کروڑ روپے یومیہ نقصان ہو رہا ہے۔

ایران کی جانب سے اب تک معاشی نقصانات کے اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئے لیکن نیوکلیئر سائٹس سمیت عمارتوں کی تباہی میں اسے دسیوں ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ ایران کو پہلے سے ہی معاشی پابندیوں کا سامنا ہے۔

امریکی تھنک ٹینک کے مطابق اسرائیلی حملے سے پہلے ہی ایران کو تعمیرات اور انفرااسٹرکچر کی مد میں 500 بلین امریکی ڈالر کی ضرورت تھی اور حملے کے بعد اس میں کئی ارب ڈالرز کا مزید اضافہ ہوگیا۔

اہم بات یہ ہے کہ یہ نقصان فوجی اخراجات سے ہٹ کر ہے اور اس میں میزائل حملوں، ڈیفنس سسٹم اور تجارتی نقصانات شامل نہیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید