• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، شیری رحمٰن

نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران نہ بھولیں کہ اس جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ  قربانیاں دی ہیں۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے  5 جولائی کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ میں جمہوریت پسند کارکنان کی آمریت کے خلاف جدوجہد میں قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 جولائی 1977 ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن قائداعظم اور قائدِ عوام کے پاکستان کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ 5 جولائی کو شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارا گیا۔

نائب صدر پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مضبوط و مستحکم جمہوریت میں ہی پاکستان کی بقا اور سلامتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 جولائی 1977 کا واقعہ نا ہوتا تو آج وطن عزیز کی تصویر مختلف ہوتی۔

موجودہ بحرانوں کی وجہ  آمریت کے وہی بدترین 11 سال ہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ ضیا آمریت میں شدت پسندی اور انتہاپسندی پروان چڑھی۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ موجودہ حکمران نہ بھولیں کہ اس جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی نے  بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئین کی پاسداری اور 18ویں ترمیم پر عملد درآمد ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت، آئین اور 18ویں ترمیم کے خلاف سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم جمہوریت کی شمع بجھنے نہیں دیں گے۔

تازہ ترین