• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف وجوہات پر پنجاب میں ٹیچنگ اسٹاف کے 48 ڈاکٹرز مستعفی

 پنجاب میں ٹیچنگ اسٹاف کے 48 ڈاکٹرز مستعفی


لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز حکومتی پالیسوں اورنوکریوں سے غیر مطمئن، 48ڈاکٹروں نے نوکری سے استعفیٰ دیدیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹر حفاظتی سامان کی کمی کے باعث دباؤ کا شکار ہیں، اسپتالوں میں سکیورٹی مسائل ہیں، ایڈہاک اور کنٹریکٹ کے باعث نوکریاں محفوظ نہیں۔

سیکرٹری صحت نبیل اعوان نے کہاہے کہ کوروناڈیوٹی سے فرار پر استعفیٰ سے روک نہیں سکتے،ایم ٹی آئی ایکٹ کے بعد ڈاکٹرز پاکستان نہیں رہناچاہتے جبکہ ترجمان محکمہ صحت نے کہا ڈاکٹروں کایہ اقدام بلاجوازہے،ایم ٹی آئی ایکٹ پر ینگ ڈاکٹرز اور دیگر تنظیموں کیساتھ مکمل مشاورت کی گئی، 30سے زائد ملاقاتوں میں معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔ 

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے مستعفی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاجبکہ وائے ڈی اے نے کہا ہے ڈاکٹر ز محکمہ صحت پنجاب اور وزیر صحت پنجاب کے رویے سے نالاں ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق میو ہسپتال میں کام کرنے والے 14 ،الائیڈ ہسپتال فیصل آباد سے دو ، ڈی جی خان ہسپتال سے 4،سول اسپتال بہاولپور، شیخ زید رحیم یار خان سے دو اور جناح اسپتال سے 7ڈاکٹروں نے ملازمت چھوڑدی۔ 

گورنمنٹ نواز شریف یکی گیٹ اسپتال سے دو، چلڈرن اسپتال لاہورسے 6ڈاکٹرز نے استعفی دیا۔ دو سروسز اسپتال، لیڈی ایچی سن سے دو اور لاہور جنرل ہسپتال سے تین ڈاکٹرز مستعفی ہو ئے۔ 

کوٹ خواجہ سعیداسپتال، شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال، گوجرانوالہ ٹیچنگ اسپتال اور میاں منشی اسپتال سے ایک ایک ڈاکٹر مستعفی ہوا۔ جس پر پنجاب حکومت نے ضروری کارروائی مکمل کر کے ڈاکٹرز کے استعفے منظور کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔

تازہ ترین