• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشوریا اور ارادھیا کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے، ابھیشیک بچن


دو روز قبل عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کا کہنا ہے کہ اُن کی اہلیہ و اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی ارادھیا بچن کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ابھیشیک بچن نے بچن خاندان کے چاہنے والوں کو ایشوریا رائے اور ارادھیا بچن کی صحت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُن کی اہلیہ ایشوریا رائے اور بیٹی ارادھیا بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اُن دونوں کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔‘

ابھیشیک بچن نے بتایا کہ ’برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکار نے بتایا کہ ’اُن کی والدہ جیا بچن سمیت خاندان کے دیگر افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔‘

آخر میں اُنہوں نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو بچن خاندان کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاگو ہیں۔

ابھیشیک بچن نے اگلے ٹوئٹ میں اپنی اور امیتابھ بچن کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ ’ڈاکٹر کی جانب سے اُن کی صحت کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں سُنایا گیا ہے اِسی لیے فی الحال وہ اور امیتابھ بچن اسپتال میں ہی رہیں گے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے اپنے چاہنے والوں کو کورونا سے محفوظ رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سبھی محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات پرعمل کریں۔‘

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔

تازہ ترین