پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور میوزک کمپوزر فلک شبیر کی اپنی ہونے والی اہلیہ و اداکارہ سارہ خان کے لیے بھارتی گانا گنگنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے جس میں گزشتہ روز اس جوڑے کی مایوں کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں سارہ خان نے مایوں کا روایتی لباس یعنی پیلے رنگ کا جوڑا پہنا تھا جبکہ فلک شبیر نے مہرون رنگ کا کُرتا زیب تک کیا، گزشتہ روز سے اِس جوڑے کی مایوں کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔
انہی وائرل ویڈیوز میں سے سارہ خان اور فلک شبیر کی ایک خاص ویڈیو صارفین کی جانب سے بے حد پسند کی جا رہی ہے جس میں گلوکار اپنی ہونےوالی اہلیہ کےلیے بھارتی گانا گنگناتے نظر آرہے ہیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں بھارتی گانا ’لندن ٹھمکدا‘ چل رہا ہے جبکہ فلک شبیر وہ ہی گانا گنگناتے ہوئے سارہ خان کے ساتھ اپنی زندگی کے خاص لمحات کو انجوائے کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو اس جوڑے کے ویڈنگ فوٹو گرافر عبدالصمد ضیاء کی جانب سے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ہے اور صرف 4 گھنٹے میں اِس ویڈیو کو اب تک 50 ہزار سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سارہ خان نے اپنی منگنی کی خوبصورت تقریب کی تصویر ہیش ٹیگ ’فلک کی دلہن‘ کے ساتھ شیئر کی جس میں فلک شبیر انہیں شادی کی پیشکش کررہے ہیں۔
دوسری جانب فلک شبیر نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر منگنی کی تقریب کی بے شمار ویڈیوز اور تصویریں بھی شیئر کیں جس میں وہ سارہ کیلئے اپنی سریلی آواز میں گانا بھی گا رہے ہیں۔
منگنی کی تقریب میں سارہ خان نے لال جوڑا جبکہ فلک شبیر نے سفید پینٹ کوٹ زیب تن کیا تھا۔
یاد رہے کہ سارہ خان اور اداکار آغا علی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے تاہم 2019 میں دونوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
آغا علی نے جمعتہ الوداع کو ساتھی اداکارہ حنا الطاف سے ایک سادہ سی تقریب میں شادی بھی کرلی ہے۔