اسلام آباد ہائیکورٹ نے چڑیا گھر کے جانوروں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل نے وزیراعظم عمران خان کےمعاون خصوصی ملک امین اسلم، سینیٹر مشاہد حسین سید، مریم اورنگزیب کو شوکاز نوٹس بھیجا ہے۔
عدالت نے سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی نائید درانی، پارلیمانی سیکریٹری رخسانہ نوید، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بھی نوٹس ارسال کیے ہیں۔
ہائیکورٹ نے بطور ممبر بورڈ سینیٹر مشاہد حسین اور ن لیگی ایم این اے مریم اورنگزیب کو بھی شوکاز نوٹس بھجوایا ہے۔
شیر کی ہلاکت پر وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے 19 ارکان کو بھی شوکاز نوٹس ارسال کیا گیا اور استفسار کیا گیا کہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے؟
عدالتی شوکاز میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ارکان کو 7 روز میں جواب دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے 11 اگست کو شوکاز نوٹسز جاری کرنےکا حکم دیا۔