• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیروں، مشیروں کی دہری شہریت پر 39 فیصد عوام ناخوش


پاکستان کے 39 فیصد عوام وزیروں اور مشیروں کے دہری شہریت رکھنے پر ناخوش ہیں۔

وزیروں اور مشیروں کا دہری شہریت رکھنا اچھا ہے یا برا؟ اور کیا وہ ملکی مفاد کا تحفظ کرسکتے ہیں؟ ان سوالات پر پاکستانی عوام کیا رائے رکھتے ہیں یہ جاننے کیلئے گیلپ پاکستان نے ملک بھر میں سروے کیا۔

اس سروے میں 13 سو سے زائد افراد نے حصہ لیا جس میں وزراء اور مشیروں کی دہری شہریت کے اچھے یا بُرے ہونے سے متعلق سوال کیا گیا۔

اس سروے کے سوالات پر جواب دیتے ہوئے 39 فیصد نے کہا کے ان کا دہری شہریت رکھنا بُرا ہے، جبکہ 24 فیصد نے دہری شہریت رکھنے کو اچھا کہا۔

سروے کے مطابق 29 فیصدکی رائے تھی کے وزیروں اور مشیروں کے دہری شہریت رکھنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ عوام کی 8 فیصد نے اس پر کوئی رائے نہیں دی۔

جس کے بعد گیلپ پاکستان نے یہ سوال کیا کہ کیا دہری شہریت رکھنے والے وزراء اور مشیر ملکی مفاد کا تحفظ کرسکتے ہیں؟

اس کے جواب میں 50 فیصد افراد نے کہا کے جی ہاں وہ ملکی مفاد کا تحفظ کرسکتے ہیں جبکہ 41 فیصد کا کہنا تھا کے وہ ملکی مفاد کی حفاظت نہیں کرسکتے۔ 9 فیصد نے اس پر کوئی رائے نہیں دی۔

ایک سوال کے جواب میں  69 فیصد نے وزیروں اور مشیروں کو دہری شہریت چھوڑنے کا مشورہ دیا۔

سروے کے مطابق 28 فیصد نے کہا انہیں دہری شہریت نہیں چھوڑنی چاہیے جبکہ 3 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

پاکستان کے 53 فیصد عوام سمجھتے ہیں دہری شہریت رکھنے والے عام پاکستانی سے زیادہ ایماندار ہیں جبکہ 17فیصد نے کہا کے وہ زیادہ خراب ہیں، 30 فیصد کی رائے تھی کے ان میں اور ہم میں کوئی فرق نہیں۔

بیرون ملک پاکستانیوں کے زیادہ تعلیم یافتہ ہونے کے سوال پر سروے میں 57 فیصد نے کہا کہ جی ہاں بیرون ملک پاکستانی عام پاکستانی سے زیادہ تعلیم یافتہ ہے۔ جبکہ 14 فیصد نے کہا کہ وہ زیادہ تعلیم یافتہ نہیں جبکہ 29 فیصد نے کہا ان میں اور ہم میں کوئی فرق نہیں۔

قابلیت میں بہتر ہونے کے سوال پر 54 فیصد افراد نے رائے دی کے بیرون ملک پاکستانی قابلیت میں عام پاکستانی سے بہتر ہے جبکہ 18 فیصد نے اس سے اختلاف کیا اور کہا قابلیت میں ہم سے خراب ہیں۔ جبکہ 28 فیصد نے کوئی فرق نہ ہونے کا کہا۔

جس کے بعد بیرون ملک پاکستانیوں کے عام پاکستانیوں سے زیادہ محب وطن ہونے کے سوال پر 49 فیصد نے باہر بسنے والے پاکستانیوں کو عام پاکستانیوں سے زیادہ محب وطن کہا۔ 15 فیصد نے کہا وہ ہم سے بہتر محب وطن نہیں جبکہ 36 فیصد نے کہا محب وطن ہونے میں بیرون ملک اور عام پاکستانیوں میں کوئی فرق نہیں۔

تازہ ترین