• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کام کی زیادتی سے پیدا ہونے والی کیفیت ’برن آؤٹ‘ کیا ہے؟

جنیوا (جنگ نیوز) عالمی ادارہ صحت نے ’برن آؤٹ‘ یا کام کی زیادتی سے نڈھال ہو جانے کی کیفیت کی نئی تشریح کی ہے۔ اگر 1970 کی دہائی میں آپ نے یہ کہا ہوتا کہ آپ ’برن آؤٹ‘ یا نقاہت اور تھکان کا شکار ہو رہے ہیں تو شاید اس سے کچھ لوگوں کو پریشانی ہوتی۔ اس وقت یہ اصطلاح نشے کے عادی لوگوں پر پڑنے والے منفی اثرات کے لیے استعمال ہوتی تھی جس میں مثال کے طور پر ذہنی صلاحیت میں کمی کا واقع ہونا شامل تھا۔ ایسا بہت زیادہ پارٹیاں کرنے والے لوگوں کے ساتھ بھی ہوتا تھا۔ جرمن نژاد امریکی ماہر نفسیات ہربرٹ فورائڈن برگر نے سنہ 1974 میں نیویارک شہر میں نشے کے عادی افراد اور بے گھر لوگوں کے لیے قائم کلینک میں پہلی مرتبہ اس مسئلہ کا پتا لگایا تو وہ نشے کے عادی افراد کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے۔ کلینک میں کام کرنے والے رضا کار انتہائی مشکل میں تھے۔ ان کا کام بہت زیادہ محنت طلب تھا اوران میں سے بہت سے کام سے بددل اور ذہنی طور پر اپنے آپ کو ہلکان محسوس کرنے لگے تھے۔ گو انھیں اپنا کام اب بھی بے معنی نہیں لگتا تھا لیکن وہ مایوسی اور پژمردگی کا شکار تھے اور اپنے زیر علاج مریضوں کو وہ توجہ نہیں دے پا رہے تھے جس کے وہ مستحق تھے۔ فورائڈن برگر نے تشویش کا باعث اس نڈھال پن اور نقاہت کو، جس کی وجہ طویل عرصے تک کام کی زیادتی تھی، بیان کرنے کے لیے ’برن آؤٹ‘ کی اصطلاح استعمال کی۔ برن آؤٹ کے تین عنصر ہیں۔ تھکان یا نقاہت، کام سے بددلی اور کارکردگی میں کمی۔ اس نظریے کو دنیا بھر میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی اور آج عالمی سطح پر اسے ایک مسئلہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ برن آؤٹ کا شکار لوگوں کے اعداد و شمار حاصل کرنا بہت مشکل ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق سنہ 2018 میں برطانیہ میں تقریباً چھ لاکھ لوگ کام کی جگہ پر ہونے والے دباؤ یا ’ورک پلیس سٹریس‘ کا شکار ہیں۔ کھلاڑی بھی اس کیفیت کا شکار ہوتے ہیں، یوٹیوب سٹار بھی اس کا شکار ہوتے ہیں۔ بزنس مین بھی اس کا سامنا کر سکتے ہیں۔ فورائڈن برگر بھی آخر میں اس کا شکار ہو گئے تھے۔ گذشتہ ماہ کے آخر میں عالمی ادارۂ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس مسئلہ کو بیماریوں کی فہرست کے عالمی ہدایت نامے میں بیماری کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے اس کی تعریف ایک ایسی کیفیت کے طور پر کی ہے جو کام کی دائمی یا طویل عرصے تک زیادتی کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے اور اس کا ابھی تک کوئی کامیاب حل نہیں ڈھونڈا جا سکا۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ’برن آؤٹ‘ کے تین عنصر ہوتے ہیں جن میں نقاہت یا تھکان، کام سے بیزاری اور ناقص کارکردگی شامل ہیں۔ تو آپ کسی طرح اس بات کا تعین کریں گے کہ آپ مکمل طور پر نہیں لیکن کافی حد ’برن آؤٹ‘ ہو گئے ہیں۔ آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں نفسیاتی امراض کی معالج اور ’برن آؤٹ‘ کے مسئلہ پر ایک کتاب کی مصنفہ شیوبان مرے کا کہنا ہے کہ برن آؤٹ کی بہت سے علامات ڈپریشن کی علامات سے ملتی جلتی ہیں۔ برن آؤٹ کا شکار ہونے کے خدشے سے دوچار لوگوں کے لیے مرے کا مشورہ ہے کہ وہ بری عادتوں کے بارے میں ہوشیار رہیں جن میں شراب نوشی اور دن گزارنے کے لیے زیادہ چینی کا استعمال شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے ایسے لوگوں کو تھکان کے مستقل احساس کے بارے میں خبردار رہنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اگر آپ صبح دس بجے تک سکون کی نیند سوتے ہیں اور اس کے بعد دوبارہ سونے کا وقت گننا شروع ہو جائیں یا آپ اپنے جسم میں توانائی محسوس نہ کریں تو آپ برن آؤٹ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈپریشن کے لیے تو بہت سے علاج دستیاب ہیں لیکن برن آؤٹ کی کیفیت کو صرف طرز زندگی تبدیل کر کے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔ مرے کا کہنا ہے کہ جیسے ہی آپ کو ایسی کیفیت محسوس ہونا شروع ہو آپ ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انھوں نے کہا کہ ڈپریشن اور برن آؤٹ سے پہلے کی کیفیت تقریباً ایک جیسی ہوتی ہے۔ گو کہ حال ہی میں اس بارے میں بہت زور شور سے یہ کہا جا رہا ہے کہ برن آؤٹ کو ایک طبی حالت کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے لیکن ابھی اسے کام سے متعلق ہی ایک مسئلہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آپ کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں جو کہ دونوں حالتوں، ڈپریشن اور برن آؤٹ میں امتیاز کر سکے کیونکہ ڈپریشن کے علاج کے بہت سے طریقے دستیاب ہیں لیکن برن آؤٹ کا تدارک صرف طرز زندگی تبدیل کر کے ہی کیا جا سکتا ہے۔ آپ کو یہ کیسے علم ہو گا کہ آپ برن آؤٹ کے دہانے پر ہیں؟ مرے کا کہنا ہے کہ دباؤ بہت ضروری ہے اور فکر مندی آپ کو بہترین کارکردگی دکھانے پر مجبور کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس وقت پریشان کن ہوتی ہے جب آپ مستقل طور پر دباؤ میں یا فکر مند رہیں اور آپ کی اس سے جان نہ چھوٹ رہی ہو تب آپ برن آؤٹ کا شکار ہونے لگتے ہیں۔ برن آؤٹ کی طرف بڑھنے کی ایک اور بڑی علامت مزاج میں تلخی ہے۔ اس بات کا احساس کے آپ کے کام کی کوئی قدر نہیں، آپ سماجی محفلوں سے کنارہ کشی کرنے لگتے ہیں اور مایوسی طاری ہونے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔
تازہ ترین