مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہمیں فخر ہے ہمارے ساتھی جرات سے حالات کا مقابلہ کررہے ہیں، جو کچھ ہورہا ہے اس سے ہمارے جذبے اور بڑھے ہیں، انشاء اللّٰہ ہم اپنی جدوجہد مزید تیز کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ سلوک پر دکھی ہوں، شہباز شریف نے بے مثال جرات و بہادری اور استقلال کا مظاہرہ کیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کو سیلوٹ کرتا ہوں کہ انہوں نے دیانتداری سے قوم اور ملک کی خدمت کی، شہباز شریف نے پنجاب میں دن رات محنت کرکے بجلی کے کارخانے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی اور ٹیم کے سر کامیابیوں کا یہ سہرا جاتا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اسحاق ڈارنے وسائل مہیا کئے، قوم کی خدمت پر اس ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان سرکاری افسران کو بھی سلام پیش کرتاہوں جنہوں نے توانائی کی قلت ختم کرنے میں کردار ادا کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ باطل کے خلاف کھڑے ہوں تو پیچھے مڑکر نہیں دیکھنا، یہ ہمارے دین کی تلقین ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کو برداشت کرکے کردار ادا کریں گے تو قوم کو تمام مصیبتوں سے نجات مل جائے گی، ہمارے بچوں کیساتھ جو سلوک ہورہا ہے، تاریخ میں ایساسیاہ رویہ نہیں ہوا۔