• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ کو ’لڑکی‘ کہنے پر زید علی نے ٹوئٹر صارف کو جھاڑ دیا

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی کی اہلیہ یمنیٰ کو ’لڑکی‘ کہنے پر یوٹیوبر نے ٹوئٹر صارف کو جھاڑ پلادی۔

حال ہی میں زید علی نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کو تحفے میں کار دی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہوئی اور اُسی تصویر کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹرصارف نے لکھا کہ ’زید علی نے اس لڑکی کو خوبصورت کار تحفے میں دی ہے اور تُم لوگوں سے ایک آئی فون تک نہیں دیا جاتا۔‘

ٹوئٹر صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے زید علی نے لکھا کہ ’یمنیٰ لڑکی نہیں بلکہ میری بیوی ہے۔‘

زید علی نے لکھا کہ ’یمنیٰ میری زندگی کی ہر جدوجہد اور مشکلات کی میری ساتھی ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنے تعلقات کو مادہ پرستی جیسی چیزوں کی بنیاد پر نہ بناؤ کیونکہ جو تعلقات دولت دیکھ کر بنائے جاتے ہیں وہ طویل عرصے تک قائم نہیں رہ پاتے۔‘

واضح رہے کہ زید علی نے گزشتہ روز ہی اپنی اہلیہ یمنیٰ کو تحفے میں کار دی ہے جس کی تصویر اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ کی ۔


انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے زید علی نے لکھا تھا کہ آج ہماری شادی کی سالگرہ نہیں ہے اور نہ ہی آج یمنیٰ کی سالگرہ ہے، آج کوئی خاص دن نہیں لیکن اس کے باوجود بھی میں نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کو یہ نئی کار خرید کر تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا۔

اُنہوں نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے پیاروں کو تحفہ دینے کے لیے کسی خاص دن کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہمیں ہر دن اُن سے اتنا ہی پیار کرنا چاہیے جتنا کسی خاص موقع پر کرتے ہیں کیونکہ اس سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی نے اگست 2017ء میں یمنیٰ سے شادی کی۔

تازہ ترین