• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ سے ٹیکسی ڈرائیور اور ایک شخص جاں بحق، 3 افراد کی لاشیں ملیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ٹیکسی ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 3افراد کی لاشیں ملی ہیں، تفصیلات کے مطابق شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک پی قلندریہ چوک کے قریب نامعلوم افراد نے کار میں سوار 28 سالہ عبدالربشیر ولد گل جان کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول آن لائن کار سروس کا ڈرائیور اور منگھوپیر کا رہائشی تھا اور اسے کسی نے گاڑی بک کرواکر یہاں پر بلایا تھا ،مقتول مسافر کے انتظار میں کھڑا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے آکر اسے سینے میں ایک گولی مار کر قتل کردیا،اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود لنک روڈ سومار گوٹھ کے قریب جھاڑیوں سے 20 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی،پولیس کے مطابق مقتول کو ایک گولی پیٹ پر مار کر قتل کیا گیا ہے ، ‎منگھوپیر ناردرن بائی پاس کے قریب 30 سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق متول کو تشدد کر کے مارا گیا ہے، کورنگی صنعتی ایریا ناصر جمپ کے قریب 35 سالہ سید انتظار حسین کی لاش ملی جسے جناح اسپتال لایا گیا، متوفی کورنگی ڈھائی نمبر کا رہائشی اور پاکستان آرمی سویلین پرسن صدر میں ملازم تھا،پولیس کے مطابق متوفی موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ اس دوران بلڈ پریشر ہائی ہونے کی وجہ سے ناصرجمپ کے قریب اسکی موت واقع ہوئی، کلفٹن میں 45 برس کے ایک شخص کی لاش ملی۔

تازہ ترین