• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے 2 وزراء فارغ، فیاض چوہان پھر باہر، فردوس عاشق کی واپسی، وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

فیاض چوہان پھر باہر، فردوس عاشق کی واپسی


لاہور( ایجنسیاں‘جنگ نیوز) پنجاب کابینہ میں ایک بار پھر رد و بدل ‘وزیر امداد باہمی مہر محمد اسلم اور وزیر جیل خانہ جات زوارحسین وڑائچ فارغ ‘ وزارتیں واپس لے لی گئیں ‘فیاض الحسن چوہان کو ایک بار پھر وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے سے ہٹادیاگیا تاہم ان کے پاس وزیر کالونیز کا قلمدان بر قرار رہے گا جبکہ وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کی واپسی ہوئی ہے اور انہیں معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ جاوید اختر کی جگہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا معاون خصوصی مقرر کرکے وزارت اطلاعات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے ۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔

دوسری جانب فیاض چوہان کا صحافیوں سے گفتگو میں کہناتھاکہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ ان سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے جس پر ذرائع کاکہناہے کہ فیاض چوہان کیسے وزیراطلاعات تھے جنہیں علم ہی نہیں تھاکہ ان سے ایک وزارت واپس لے لی گئی ہے ۔

ادھر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات مقرر ہونے پر وزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرے لیے عزت کی بات ہے کہ میرے لیڈر وزیراعظم عمران خان نے میری قابلیت پر اعتماد کرتے ہوئے عہدہ دیا۔ 

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ میں اپنے فرائض بہترین طریقے سے انجام دوں گی۔

ادھر مسلم لیگ(ن ) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہمیں فیاض چوہان سے دلی ہمدردی ہے‘فیاض الحسن چوہان نے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کا نتیجہ دیکھ لیا ہے ۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فیاض چوہان نے اپنی کرسی پکی کرنے کیلئے شریف خاندان پر بہت سیاست چمکائی لیکن افسوس فیاض چوہان کی تمام محنت رائیگاں گئی ،فردوس عاشق اعوان کی بطور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب تعیناتی ناقابل سمجھ ہے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے فردوس عاشق کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کا حکم دیا،عدلیہ کی توہین کرنے والی شخصیت کی بطور وزارت معاون خصوصی تعیناتی مسترد کرتے ہیں،وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق کے حوالے سے اپنا جاری کردہ نوٹیفکیشن فوری واپس لیں۔

دریں اثناءذرائع کا کہناہےکہ ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے معاون خصوصی مقرر ہونے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ اداکیا ہے اور کہا ہے کہ یہ میرے قائد عمران خان کا مجھ پر اعتماد ہے حالانکہ پچھلی بار فارغ ہوتے وقت لاکھ کوشش کے باجود عمران خان نے ان سے ملاقات نہیں کی اور انہیں بڑی مشکل سے حکومت کے خلاف پریس کانفرنس سے روکا گیا ۔

ذرائع کے مطابق یہ کیسی تبدیلی سرکار ہے کہ جس شخص کو وفاق میں اشتہارات میں کمیشن ‘سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور دیگر الزامات لگاکر فارغ کیاگیا تھا انہیں اب صوبے میں عہدہ دیاگیاہے ۔پھر ان الزامات کا کیابنا ؟  

تازہ ترین