• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 دسمبرکوخان شہید کی برسی کے جلسے میں شرکت کی جائے،پشتونخوامیپ

کوئٹہ(آن لائن )طلباء نصابی سرگرمیوں کے ساتھ قومی شعوری سیاست،اپنی تاریخ جغرافیہ اور ہیروز سے خود کو با خبر رکھنے کیلئے پشتون قومی تحریک پشتونخوا میپ کے دائیں بازو پشتونخوا اسٹودنٹس آرگنائزیشن کا ساتھ دیں، پی ڈی ایم ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی پارلیمنٹ کی بالادستی ،آئین کے تحفظ،عدلیہ اور میڈیا کی آزادی اور نا اہل سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات اور سلیکٹرز کی سیاست میں مداخلت سے باز رہنے کیلئے بنی ہے، 2 دسمبر کو برصغیر ہند کی آزادی کے سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی کی مناسبت سے کارکن تاریخی جلسہ میں بھر پور شرکت کریں، سائنس کالج میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری علاؤالدین خان کولکوال ،سردار امجد خان ترین،پشتونخوا ایس او کے مرکزی مالیات سیکرٹری اقبال بٹے زئی ،دوست محمد لونی،نظام عسکر،سردار حیات میرزئی،ملک عمر خان کاکڑ،نصیر ننگیال،سیف اللہ خان اتمانخیل،محمود اچکزئی اور طیب خان نے خطاب میں کیا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ نا اہل کرپٹ اور سلیکٹڈ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک اور پشتون بلوچ صوبہ بحرانوں کا شکار ہے، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور طلباء وطالبات کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، کورونا کو ایک بار پھر بہانہ بنا کر ملک میں جمہوریت کیلئے نکلنے والی آواز کو دبانے اور حقیقی سیاسی جمہوری قوتوں کو عوام سے دور رکھنے کی سازش کی جارہی ہے حالانکہ کورونا کے نام پر تمام بیرونی امداد درپدہ قوتوں کے سپرد کی گئی، ملک میں صحت ،تعلیم اور روزگار ناپید ہوتا جارہا ہے، کروڑوں نوکریاں دینے والوں اور لاکھوں گھر بنانے کے دعویداروں نے لوگوں کو بے گھر کردیا، عوام پر کاروبار اور مزدوری کے ذریعے جو روزگار کے ذریعے تھے وہ بھی بند کردیئے گئے،گزشتہ دور حکومت میں صوبے کے طلباء وطالبات کیلئے جو ا سکالرشپس رکھی گئی تھیں وہ تمام بند ہیں ۔ لیپ ٹاپ اسکیم کو ختم کر کے طالب علموں پر جدید دور کے تعلیم سے محروم کردیا گیا۔ آن لائن کلاسز کے نام پر طلباء وطالبات کے ساتھ ایک بار پھر مذاق شروع کردیا گیا یہ دراصل ملک میں نا اہل حکومت کی عوام دشمن تعلیم دشمن پالیسیاں ہیں، جس کے تحت آمرانہ قوتیں محکموم قوموں پر ایک سازش کے تحت تعلیم کے دروازے بند کرنا چاہیتی ہیں ۔ پروگرام کے صدر محمود اچکزئی نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین