آپ آف لائن ہیں
ہفتہ9؍جمادی الثانی 1442ھ 23؍جنوری 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والی ماڈل حلیمہ آدن نے سوشل میڈیا سے بریک لے لیا

اسلام کی خاطر فیشن انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی اور باحجاب سُپر ماڈل کا اعزاز رکھنے والی صومالی نژاد امریکی ماڈل 23 سالہ حلیمہ آدن نے سوشل میڈیا سے بھی بریک لے لیا ہے۔

اس حوالے سے سابقہ ماڈل حلیمہ آدن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک مداح کا ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں وہ حلیمہ آدن کے فیصلے پر ناصرف اُن کی حمایت کرتی نظر آرہی ہیں بلکہ اُن کے لیے اپنی خوشی کا اظہار بھی کر رہی ہیں۔

حلیمہ آدن نے انسٹا اسٹوری میں مداح کا ویڈیو پیغام شیئرکرتے ہوئے ایک اہم اعلان کیا ہے جس میں اُنہوں نے بتایا کہ  ’وہ فیشن انڈسٹری کے بعد اب سوشل میڈیا سے بھی کنارہ کشی اختیار کررہی ہیں۔‘

سابقہ ماڈل نے کہا کہ ’میں سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے سے پہلے اُن تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے اس فیصلے میں میرا ساتھ دیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں جب فیشن انڈسٹری سے وابستہ تھی تو مجھے اُس وقت بھی بہت پیار ملا اور اب جب میں نے ماڈلنگ چھوڑ دی ہے تو اب بھی مجھے دُنیا بھر سے محبت اور مثبت بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جس کے لیے میں ہر ایک کی شکرگزار ہوں۔‘

حلیمہ آدن نے مزید کہا کہ ’میں پُرانی حلیمہ کو بہت یاد کروں گی اور آنے والی حلیمہ کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔‘

واضح رہے کہ حلیمہ آدن اگرچہ صومالیہ میں پیدا ہوئیں تاہم خانہ جنگی کی وجہ سے انہیں اپنا وطن چھوڑنا پڑا تھا اور وہ چند سال تک پڑوسی ملک کینیا کے پناہ گزین کیمپ میں بھی رہی تھیں۔بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئیں جہاں انہوں نے ریاست مینیوسوٹا کے مقابلہ حسن میں بھی حصہ لیا تھا جس میں وہ حجاب کے ساتھ شریک ہوئی تھیں۔

وہ حجاب کے ساتھ ماڈلنگ کرنے والی دنیا کی چند نامور ماڈلز میں سے ایک ہیں، اپریل 2019 میں معروف فیشن میگزین ووگ کے عربی زبان کے شمارے نے انہیں دیگر دو باحجاب ماڈلز کے ساتھ سر ورق کی زینت بنایا تھا۔

علاوہ ازیں حلیمہ آدن اپریل 2019میں ہی معروف امریکی اسپورٹس میگزین ’اسپورٹس الیوسٹر‘ کے سرورق کی زینت بننے والی پہلی باحجاب ماڈل بنی تھیں،حلیمہ آدن نے ہمیشہ اپنے دینی عقائد کے مطابق تنگ یا مختصر لباس پہننے کے بجائے مکمل لباس پہنا اور وہ ہر فیشن شومیں حجاب کے ساتھ دکھائی دیں۔

فیشن اور ماڈلنگ کی نیم عریاں اور شوبز کی چمک دھمک میں چند سال گزارنے کے بعد دو دن قبل ہی حلیمہ آدن نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں رنگا رنگ اور مصنوعی دنیا کو خیرباد کہہ کر دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا۔

حلیمہ آدن نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ انہیں جاگنے میں دیر لگی، تاہم اب وہ جاگ چکی ہیں اور انہوں نے ایمان سے بھرپور اصل حلیمہ آدن کو تلاش کرلیا۔انہوں نے ماضی میں فیشن و ماڈلنگ کرنے پر لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ اب دل کے سکون کی خاطر اور زندگی کے اصل مقصد کے لیے دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید