• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی،تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال مریم نواز کہتی ہیں کہ سلیکٹڈ حکومت قومی اداروں پر دباؤ ڈال کر پسند کا فیصلہ کروانا چاہتی ہے، کیا مریم نواز کا بیان درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کروانے کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت پڑے گی،ارشاد بھٹی نے کہا کہ مریم نواز کا حکومت پر قومی اداروں پر دباؤ ڈال کر پسند کا فیصلہ کروانے کا بیان درست نہیں ہے، سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کا فیصلہ سپریم کورٹ نے جبکہ ایک ماہ پہلے انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، مریم نواز نے خود فرمایا کہ شوآف ہینڈ کے خلاف نہیں ہوں، پی ڈی ایم کی ہر جماعت کل تک ہارس ٹریڈنگ کے خلاف نعرے لگارہی تھی، مریم نواز کی پریس کانفرنس تضادات سے بھری ہوئی تھی، وہ نجومی، عامل بابا، ماہر نفسیات سب کچھ بن گئی ہیں،مریم نواز نے ایک طرف لاہور جلسے کی کامیابی پر ارکان کو ظہرانہ دیا دوسری طرف لاہور جلسہ مس مینجمنٹ پر رپورٹ طلب کرلی ہے،اٹارنی جنرل نے کابینہ میٹنگ میں بتایا کہ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کا معاملہ معمولی قانون سازی سے ہوسکتا ہے، لیکن کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آپ سپریم کورٹ جاکر ان کی گائیڈ لائن لے لیں، الیکشن کمیشن ایک ماہ پہلے سینیٹ الیکشن کروانے سے منع کردیتا ہے اور سپریم کورٹ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کروانے سے منع کردیتی ہے تو بات ختم ہوجائے گی۔ریما عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطر ہ نہیں تو سینیٹ الیکشن ایک ماہ پہلے کروانے کی کیا ضرورت ہے، 2016ء میں ہارس ٹریڈنگ کم کرنے کیلئے سینیٹ میں تجویز دی گئی کہ بیلٹ خفیہ رکھا جائے لیکن اس پر رکن کو اپنا نام لکھنا ہوگا جسے پارٹی قیادت دیکھ سکے گی، سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کروانے کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت پڑے گی۔ریما عمر نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے آئینی ترمیم خود کرسکتا ہے اس کیلئے اسے سپریم کورٹ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے، پی ڈی ایم نے تحریک کامیاب بنانی ہے تو ان کا مقصد سینیٹ الیکشن نہیں ہوسکتا، پی ڈی ایم کو اگلے الیکشن کیلئے اتحاد کی طرف دیکھتے ہوئے لمبی تحریک چلانی چاہئے۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ حکومت کے بقول اپوزیشن کا جلسہ ناکام ہوگیا ہے تو ان کا غصہ کیوں نہیں کم ہورہا ہے، سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعہ کروانے کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے، حکومت پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے سپریم کورٹ جارہی ہے، پی ٹی آئی کے 22ایم پی ایز کئی دفعہ پریس کانفرنسز کرچکے ہیں۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ کا معاملہ آئینی ترمیم سے ہی حل ہوسکتا ہے، حکومت اس معاملہ پر سپریم کورٹ جاسکتی ہو تب بھی یہ معاملہ پارلیمنٹ میں طے ہونا چاہئے، حکومت نے فروری میں سینیٹ الیکشن کروانے کا اعلان کر کے سیاسی ٹمپریچر بڑھادیا ہے، حکومت نے فروری میں سینیٹ الیکشن کروانے کا پتا اپوزیشن کے خلاف بہت ہوشیاری سے استعمال کیا ہے،پی ڈی ایم کو اپنی توجہ سینیٹ الیکشن پر مرکوز کرنے کے بجائے اگلے الیکشن صاف وشفاف کروانے پر توجہ رکھنی چاہئے۔

تازہ ترین