• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے اور ہانیہ سے متعلق خبریں پڑھ کر پریشان ہوگیا تھا، فیروز خان

معروف اداکارفیروز خان نےاداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ اپنے تعلق کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ جب میں نے اپنے اور ہانیہ عامر کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کے بارے میں پڑھا تو میں بہت پریشان ہوگیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے ماہ اداکار فیروزخان اور اُن کی اہلیہ علیزے فاطمہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں اور سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کررہی تھیں کہ ان دونوں کی علیحدگی کے پیچھے اداکارہ ہانیہ عامر کا ہاتھ ہے۔

فیروز خان کی جانب سے اپنے اور علیزے فاطمہ کے درمیان علیحدگی کی خبروں پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا لیکن اب انہوں نے اپنے ایک انٹرویو کے ذریعے اپنے اور ہانیہ عامر کے تعلق سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا موقف ظاہر کیا ہے۔

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ جب میں نے اپنے اور ہانیہ عامر کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کے بارے میں پڑھا تو میں بہت پریشان ہوگیا تھا کیونکہ ہمارے بھی جذبات ہوتے ہیں۔

فیروز خان نے کہا کہ ان افواہوں کے پھیلنے کے بعد ہانیہ عامر نے مجھے فون کیا اور کہا کہ ’یہ سب کیا ہورہا ہے؟‘ جس پر میں نے اسے کہا مجھے خود نہیں معلوم یہ کیا چل رہا ہے۔ فیروزخان نے کہا مجھے اپنی اور ہانیہ کے درمیان ہونے والی باتوں کے اسکرین شاٹس لے کر تمام باتوں کو واضح کرنے میں صرف 30 سیکنڈز لگتے لیکن میں نے نہیں کیا۔

فیروز خان نے مزید کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ بہت سے سینئر صحافی چند پیسوں کے لیے میرے اور ہانیہ کے معاملے پر فضول بات کررہے تھے اور یہاں تک کہہ رہے تھے کہ ڈرامے کے سیٹ پر کیا کیا ہوتا تھا ہمارے پاس سارے ثبوت ہیں۔ فیروز خان نے کہا اس سارے معاملے نے مجھے مزید مضبوط بنایا ہے اورمزید طاقت دی ہے۔

انٹرویو کے دوران فیروز خان نے اپنی اہلیہ کے ساتھ علیحدگی کے معاملے پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی نجی زندگی کو خود تک ہی محدود رکھنا چاہتا ہوں اور اس بارے میں کوئی بات کرنا نہیں چاہتا۔

تازہ ترین