• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زبان کھانے، نگلنے اور بولنے کے کام آتی ہے۔ یہ آٹھ اقسام کے مسلز(پٹّھوں)کے جال سے بنی ہوتی ہے اور یہ وہ عضو ہے، جو دِل کے بعد سب سے زیادہ متحرک رہتا ہے اور کبھی تھکتا نہیں ۔ مَردکی زبان اوسطاً3.3انچ لمبی ہوتی ہے،جب کہ عورت کی زبان کی لمبائی1.3 انچ ہے۔ جس طرح انسان کی انگلیوں کے دائرے مختلف ہوتے ہیں، بالکل اِسی طرح دُنیا کے ہر فرد کی زبان کے نشانات دوسرے فرد سے قدرے مختلف ہوتے ہیں۔

ماہرین اس امر پر غور کر رہے ہیں کہ کسی طرح زبان کو بھی انفرادی شناخت کے لیے استعمال کیا جا سکے۔زبان میں ذائقہ محسوس کرنے والی دو ہزار سے چار ہزار خرد بینی کلیاں (Taste Buds)ہوتی ہیں،جو زبان کے گلابی، سفید اُبھاروں میں پائی جاتی ہیں۔ ہر اُبھار میں چھے کلیاں ہوتی ہیں۔ 

یہ اُبھار انگریزی حرف V کی شکل میں زبان میں مختلف جگہوں پرپائے جاتے ہیں، جن پر انتہائی حسّاس مائیکرواسکوپک بال (Microscopic Hairs)ہوتے ہیں، جنہیں طبّی اصطلاح میںMicrovillکہا جاتا ہے۔ 

واضح رہے کہ مائیکرواسکوپک بالوں کی ہر ہفتے ازسرِنو نمو ہوتی ہے۔ یہ ذائقے کو پہچاننے والی کلیاں ناک، حلق، کھانے کی نالی اور ہونٹوں میں بھی پائی جاتی ہیں۔ دُنیا کی ایک چوتھائی آبادی غذا کے اجزاء میں کمی یا زیادتی محسوس کر لیتی ہے اور ایک چوتھائی کو ذائقے کا علم ہی نہیں ہو پاتا،جب کہ نصف آبادی میں ذائقے کی حِس نارمل ہوتی ہے۔ اگرزبان موٹی ہو یا کسی وجہ سے ہوجائے، تو سوتے میں اس کے سانس کے نالی کے اوپر آجانے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا ہے،جس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

زبان چمک دار سُرخ ہوتو یہ فولک ایسڈ یا وٹامن بی12 کی کمی ظاہر کرتی ہے۔ اِسی طرح پانچ سال سے کم عُمر بچوں کا ایک مرضKawasaki،جس میں زبان چمک دار اور سُرخ ہو جاتی ہے۔جب کہ زبان پر سفید نشانات، بال نما رُواں، رخسار کے اندر زخم یا رُواں ظاہر ہوتا ہے، سرطان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔زبان کی رنگت سیاہ پڑجائے اور اس پر رواں بھی نمودار ہوجائے، تو یہ علامت بیکٹریا کی زیادہ تعداد، ذیابطیس یا پھر ادویہ کے زیادہ استعمال کی نشان دہی کرتی ہے۔زبان میں درد یا کوئی اُبھار منہ کے السر یا کینسر کا امکان ظاہر کرتے ہیں۔

زبان کا سرطان ایک موذی مرض ہے،جس کی ابتدا زبان کے خلیات کا نظام بگڑجانے کے باعث ہوتی ہے۔زبان کا کینسر خواتین یا کم عُمر افراد کی نسبت عُمر رسیدہ مَردوں، خصوصاً55سال سے زائد عُمر کے افراد میں زیادہ عام ہے۔ زبان کا سرطان لاحق ہونے کی حتمی وجہ تاحال دریافت نہیں ہوسکی، البتہ رسک فیکٹرز میں تمباکو نوشی،ایچ پی وی( Human Papilloma Virus)، فیملی ہسٹری میں زبان کا سرطان،ٹوٹے ہوئے دانت(Jagged Teeth)، الکحل اور غیر معیاری غذا کا استعمال وغیرہ شامل ہیں۔ 

اس سرطان کی علامات میں زبان اور جبڑے میں مستقل درد رہنا، زبان یا منہ کے اندر سخت اُبھار، سفید یا سُرخ دھبّے یا نشان، زبان یا حلق پر سُوجن، غذا چبانے یا نگلنے میں تکلیف، زبان یا جبڑے ہلانے میں دقّت، ذائقہ محسوس نہ ہونا، آواز بدل جانا اور بولنے میں دشواری وغیرہ شامل ہیں۔ 

اس کے سرطان کی تشخیص کے لیے علامات کی مناسبت سے اینڈو اسکوپی، بائیوآپسی، اورل برش بائیوآپسی، جس میں زبان کے متاثرہ حصّے سے ایک برش کی مدد سےسیل کا نمونہ حاصل کیا جاتا ہے،ایچ پی وی ٹیسٹ،ایکس رے اورسی ٹی اسکین وغیرہ تجویز کیے جاتے ہیں۔ اگر مرض ابتدا ہی میں تشخیص ہوجائے، تو اس کا علاج ادویہ اور سرجری کے ذریعے کیا جاتا ہے، لیکن اگر سرطان زبان کی جڑ پر ہو، تو یہ حلق میں پھیل کر گردن تک چلا جاتا ہے، جو کہ عموماً ایچ پی وی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ 

سرطان پھیل چُکا ہو، تو پھر اُسی مناسبت سے ادویہ، ریڈی ایشن تھراپی، کیمو تھراپی، ٹارگٹ ڈرگ تھراپی اور سرجری کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے۔ بعض مریضوں میں دورانِ علاج اور بعد ازاں نگلنے اور بولنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے Specialists In Speech And Swallowing، فزیکل تھراپسٹ، آکیوپیشنل تھراپسٹ اور غذائی ماہرین کی بھی ضرورت پیش آتی ہے۔ (مضمون نگار، ڈائو یونی ورسٹی اور بقائی میڈیکل یونی ورسٹی، کراچی سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر وابستہ رہ چُکے ہیں)

مضمون نویس معالجین توجّہ فرمائیں!!

سنڈے میگزین کے سلسلے’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ میں لکھنے کے شائق معالجین سے درخواست ہے کہ اپنے مضامین کے ساتھ، اپنی پاسپورٹ سائز واضح تصاویر بھیجیں اور مکمل تعارف اور رابطہ نمبر بھی لازماً تحریر کریں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس سلسلے کے ذریعےقارئین کو مختلف امراض اور عوارض سے متعلق جس قدر بہترین، جامع اور درست معلومات فراہم کرسکتے ہیں، ضرور کریں،مگر بعض اوقات ڈاک سے موصول ہونے والی کچھ تحریروں میں لکھی جانے والی مخصوص طبّی معلومات یا کسی ابہام کی تصحیح یا درستی کے لیے مضمون نگار سے براہِ راست رابطہ ضروری ہوجاتا ہے، لہٰذا تمام مضمون نویس اپنی ہر تحریر کے ساتھ رابطہ نمبر ضرور درج کریں۔اپنی تحریریں اس پتے پر ارسال فرمائیں۔

…………………………………………

ایڈیٹر، سنڈے میگزین،صفحہ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘روزنامہ جنگ، شعبۂ میگزین،اخبار منزل، آئی آئی چندیگر روڈ، کراچی۔

…………………………………………

ای میل: sundaymagazine@janggroup.com.pk

تازہ ترین