گزشتہ دنوں سے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے ہمراہ متنازع ویڈیو کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے مفتی قوی کے چچا عبدالواحد ندیم نے انکشاف کیا ہے کہ مفتی قوی کی ذہنی حالت درست نہیں ہے۔
ملتان میں مفتی عبدالقوی کے چچا عبدالواحد ندیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالقوی کو میل جول سے روک دیا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک ان کا علاج مکمل نہیں ہوتا ان کی حالت درست نہیں ہوتی اس وقت تک انہیں عوامی اجتماعات سے دور رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان عزت والا خاندان ہے جس نے ہزاروں لوگوں کو تعلیم دی ہے، ہمارا خاندان غم میں ہے۔
عبدالواحد ندیم نے کہا کہ مفتی قوی نے ہمارے خاندان کا بہت نقصان کیا ہے، آج سے مفتی قوی کو مفتی نہ کہا جائے، آج ہم مفتی قوی سے مفتی کا لفظ واپس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ان کی دماغی حالت صحیح نہیں ہوتی اور وہ اپنی حالت ٹھیک نہیں کرلیتے اس وقت تک ان سے لفظ ’مفتی‘ واپس لیا گیا ہے کیونکہ اس میں صرف خاندان کی نہیں علمِ دین اور اسلام کی توہین ہے۔