• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شہریوں کے مظاہرے

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی) بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف جڑواں شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ اسلام آبادمیں احتجاجی مظاہرہ میں عوام نےاضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اس عوام دشمن فیصلے کا نوٹیفیکیشن فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہو گئے ہیں، ایک جانب کورونا وائرس نے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے جس سے عوام کی قوت خرید شدید متاثر ہوئی ہے تو دوسری طرف ملک میں آٹے ،چینی،گھی، تیل، سبزیوں، گوشت اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں سو فیصد سے زیادہ اضافہ ہوگیا ہے، کبھی چینی اورکبھی آٹے کا بحران پیدا کرکے ان کی قیمتوں کوبڑھادیا جاتا ہے تو کبھی بجلی ،گیس اور پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر نے لگ جاتی ہیں جس سے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔مظاہرے میں شہریوں کے علاوہ تاجروں اور دکانداروں نے بھی شرکت کی۔ راولپنڈی کے علاقہ ظفر الحق روڈ پر بھی گزشتہ روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی ظہیراعوان نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے،ملک میں روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی بڑھ رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ اس موقع پر حاجی نصیر بھٹی ،اصلاح الدین خان ،راجہ زیشان ،سعید احمد اعوان ،ناصر اقبال اعوان ،ملک فاخر رشید اعوان،عرفان رازق مغل ،ثاقب اعوان ایڈووکیٹ،خیرالرحمن خان،اکبر خان صافی،ناصر منان خان،عرفان بھٹی بھی موجود تھے۔
تازہ ترین