• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزن میں کمی کیلئے نیند ضروری ہے یا جِم؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نیند صحت کے لیے بےحد ضروری ہے۔ یہ توانائی کو بحال کرتی ہے اور خلیوں اور بافتوں کی مرمت و اصلاح کرتی ہے۔ جب نیند پوری نہ ہو تو انسان چڑ چڑا ہو جاتا ہے۔ توجہ کا ارتکاز کم اور تھکاوٹ محسوس ہونے لگتی ہے۔

سائنسی تحقیق کے مطابق نیند کی کمی موٹاپے کا شکار بھی بناتی ہے۔ جو لوگ کم سوتے ہیں، ان کی بھوک بڑھ جاتی ہے۔ نا مناسب نیند جسم میں لیپٹن (Leptin) نامی ہارمون کی مقدار کم کر دیتی ہے اور گریلین (Ghrelin) نامی ہارمون کی مقدار بڑھا دیتی ہے جو جسم کی خوراک کی طلب میں اضافہ کرتا ہے، جو وزن بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لہٰذا نیند کی کمی موٹاپے کا باعث بنتی ہے اور وزن میں اضافہ کرتی ہے۔

جدید طبی تحقیق کے مطابق وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو چاہیے کہ وہ صبح جلدی اُٹھ کر ورزش کے لیے جِم جانے کے بجائے اپنی نیند پوری کریں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نیند کا پورا ہونا جِم جانے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

اس تحقیقی مطالعے میں ڈاکٹروں نے باور کرایا ہے کہ مطلوبہ دورانیے کی اچھی نیند کا حصول وزن کم کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کے دورانیے کو ورزش کے ساتھ متصادم نہیں ہونا چاہیے۔ بہت سے لوگ اپنے کام پر جانے سے پہلے بیدار ہو کر ورزش کے لیے جم کا رُخ کرتے ہیں۔ جسمانی فٹنس کے اہداف تک پہنچنے کے لیے اچھی اور وافر نیند کا حصول اہم ہے۔

طبی تحقیق کے مطابق ہر انسان کو روزانہ 7 تا 8 گھنٹے کی نیند لینی چاہیے تاکہ بھوک اور پیاس کے احساس کو کنٹرول کرنے کے ذمے دار ہارمونز کا نظام درست رہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ایک رات کی نیند پوری نہ ہونے کے بعد انسان کی بھوک میں 45 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے جو لوگ 8 گھنٹے سے کم سوتے ہیں ان کے جسم میں چکنائی کی سطح بلند ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں نیند پوری کرنا دماغ اور دل کے لیے مفید ہے۔ یہ انسان کے مدافعتی نظام کو تقویت دینے اور اس کی زندگی میں مسرت لانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

صحت سے مزید