• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 88 رنز کی برتری

مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کے نجات دہندہ بن گئے، ذمے دارانہ بیٹنگ اور سنچری کے ذریعے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب ہوگئے، تجربہ کار اظہر علی اور آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں، دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 8 وکٹ پر 308 رنز بنا کر جنوبی افریقا کے خلاف 88 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن 33 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے پاکستان نے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا، پہلے سیشن میں اظہر علی اور فواد عالم نے انتہائی تحمل اور محتاط انداز سے بیٹنگ کی۔

دونوں نے آہستہ آہستہ اسکور بورڈ میں اضافے کو بھی جاری رکھا اور کھانے کے وقفے تک یہ دونوں بیٹسمین اسکور کو بغیر کسی نقصان کے 104 رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے۔

فواد عالم 39 اور اظہر علی 38 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، کھانے کے وقفے کے بعد اظہر علی نے نصف سنچری مکمل کی مگر فوراً  ہی وکٹ بھی گنوا بیٹھے، دونوں کی پانچویں وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنے۔

دوسرے اینڈ سے عمدگی سے بیٹنگ کرنے والے فواد عالم نے بھی ففٹی اسکور کی، نائب کپتان محمد رضوان نے 33 رنز بنائے جبکہ چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں پر 178 رنز رہا۔

چائے کے وقفے کے بعد اپنے ہی شہر کے میدان پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فواد عالم سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے جو اُن کے کیریئر کی تیسری سنچری بھی تھی۔

اُنہوں نے 109 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ پر سنچری شراکت قائم کی، فہیم اشرف 64 رنز بنا کر آٹھویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔

کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 308 رنز بناکر 88 رنز کی سبقت حاصل کرلی تھی۔

حسن علی 11 اور نعمان علی 6 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا، نگیدی، مہاراج اور نورکیا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین