بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے مضبوط اُمیدوار اور بالی ووڈ اداکار اعجاز خان کہتے ہیں کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو وہ رواں سال اپنی قریبی دوست اور بگ باس 14 کی اُمیدوار پویترا پونیا سے شادی کرلیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اعجاز خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’مجھے اور پویترا کو شادی کرنے کے لیے بہت پاپڑ بیلنے پڑیں گے لیکن ہماری شادی ضروری ہوگی اور انشاءاللّہ صحیح وقت پر ہوگی۔‘
اعجاز خان نے کہا کہ ’اس وقت میرے اور پویترا کے کچھ گھریلو معاملات خراب چل رہے ہیں جیسے وہ سب ٹھیک ہوتے ہیں تو ہم دونوں ہماری شادی کے بارے میں سوچیں گے۔‘
بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ ’معاملات بہت جلد بہتر ہوجائیں گے، ہم اپنے مستقبل کی پیش گوئی نہیں کرسکتے ہیں لیکن ہم مستقبل کے بارے میں پرامید اور خواہش مند ہوسکتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اعجاز خان اور پویترا پونیا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 14 میں ہوئی تھی، دونوں ہی بطور اُمیدوار اس شو میں شامل ہوئے تھے، جہاں ان کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔
پویترا پونیا ووٹوں کی کمی کی وجہ سے جلد ہی بگ باس 14 سے باہر ہوگئی تھیں جبکہ اعجاز خان کو اپنی فلم کی شوٹنگ کی وجہ سے بگ باس کا گھر چھوڑنا پڑا لیکن اس وقت اعجاز خان کی جگہ ’دیولینا‘ اُن کی پروکسی بن کر اُن کے لیے کھیل رہی ہیں۔
بگ باس کے گھر سے باہر آنے کے بعد اعجاز خان اور پویترا پونیا نے ایک دوسرے سے شادی کا فیصلہ کیا۔