• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کا ترکی میں پرتپاک استقبال

پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کا ترکی میں ارطغرل غازی کی ٹیم کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے کردار عبدالرحمٰن نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں۔

تُرک اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹا اسٹوری میں پہلی تصویر میں اُن کے ساتھ پاکستانی اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ریما خان اور سعدیہ خان موجود ہیں۔

مذکورہ تصویر میں ارطغرل غازی کی پروڈکشن ٹیم بھی موجود ہے جبکہ یہ تمام لوگ استنبول کے کسی ہوٹل میں کھانے کھارہے ہیں۔

تُرک اداکار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی اداکاروں سے مخاطب ہوکر لکھا کہ ’آپ سب کو پاکستان کے دوست ملک تُرکی میں خوش آمدید۔‘

اس کے علاوہ تُرک اداکار نے ہمایوں سعید، عدنان صدیق اور اداکارہ و ماڈل سعدیہ خان کے ہمراہ ایک سیلفی بھی شیئر کی۔

واضح رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ میں عبدالرحمٰن غازی کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار جلال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ ماہ ہی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اس سے قبل بھی ارطغرل غازی کے کئی اداکار پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں، جن میں ارطغرل کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین التان دوزیتان اور دوآن الپ کا کردار ادا کرنے والے چنگیز جوشقون، بامسی، ارتک بے اور کمال تکدن شامل ہیں۔

تازہ ترین