بھارتی ریئلٹی شو بگ باس کے 14ویں سیزن کی فاتح روبینہ دلیک نے دوسری امیدوار ساتھی راکھی ساونت پر پانی پھیکنے کی وجہ بتادی۔
بھارتی میڈیا سے بات چیت میں روبینہ کا کہنا تھا وہ سمجھتی ہیں کہ اگر وہ تھوڑا مزید دوسروں کی زیادتیاں برداشت کرلیتیں تو یہ واقعہ پیش نہ آتا۔
خیال رہے کہ روبینہ کے ساتھ ساتھ راکھی ساونت نے بھی ریئلٹی شو بگ باس میں شرکت کی تھی، لیکن آخری لمحات میں راکھی ساونت 14 لاکھ روپے کی رقم لے کر شو میں فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھیں۔
تاہم شو کے دوران راکھی ساونت پر پانی پھیکنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے متعلق انھوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انھیں اپنے کیے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تھوڑا سا اور صبر کر لیتی تو شاید یہ سب کچھ نہیں ہوتا۔
روبینہ دلیک نے کہا کہ جن لوگوں سے آپ امید کرتے ہو اور اگر وہی لوگ آپ کا دل توڑیں اور پیچھے برائیاں شروع کردیں تو آپ کو برداشت نہیں ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ میں اپنے رشتوں کے ساتھ وفادار ہوں، میں اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر ان کے لیے آسانی فراہم کرتی ہوں اور ان کو معاف کرتی ہوں۔
بگ باس فاتح کا کہنا تھا کہ وہ اپنے معاملے میں چیزوں کو نظرانداز کر دیتی ہیں، لیکن راکھی نے اپنی حدیں عبور کر ڈالی تھیں، یا یہ کہا جاسکتا ہے کہ انھوں نے کسی مقصد سے یہ سب کچھ کیا۔
روبینہ کا کہنا تھا کہ مجھے راکھی ساونت کے رویے سے شدید تکلیف ہوئی تھی، کیونکہ میرا شوہر میرا فخر ہے۔
دوسری جانب راکھی ساونت نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انھوں نے روبینہ اور ابھینو کی مدد کی تھی اور ان کی شادی بچائی تھی۔