کراچی (جنگ نیوز) ایچ بی ایل چین کے دارالحکومت بیجنگ میں برانچ کھولنے اور صارفین کو خدمات فراہم کرنے والا پہلا پاکستانی بینک بن گیا۔ایچ بی ایل بیجنگ کی افتتاحی تقریب میں کلائنٹس، ریگولیٹرز اور ایچ بی ایل کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے سینئر ایگزیکٹیوز شریک ہوئے۔ پاکستان سے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایچ بی ایل سلطان علی الانہ، ایچ بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو افسر محمد اورنگزیب سمیت ایچ بی ایل کے سینئر ایگزیکٹیوز اور کسٹمرز نے ورچوئل تقریب میں شرکت کی۔ ایچ بی ایل بیجنگ، بینک کے معزز کلائنٹس کو پروڈکٹس اور سروسز کی تمام تر سہولیات فراہم کرتا ہے۔ایچ بی ایل، پاکستان اور چین کی حکومتوں اور ریگولیٹرز کا شکرگزار ہے جنھوں نے برانچ کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے اپنے بھروسے اور اعتماد کا اظہار کیا۔ ایچ بی ایل، پاکستان کا پہلا اور واحد بینک ہے جس کی بیجنگ میں برانچ ہے، جبکہ جنوبی ایشیا اور MENA ریجن کے اُن تین بینکوں میں شامل ہے جو چین میں مکمل RMB بزنس کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایچ بی ایل بیجنگ، ارومچی کے بعد، چین میں ایچ بی ایل کی دوسری اور مرکزی برانچ ہے۔ دونوں برانچوں میں فارن ایکسچینج اور RMB لائسنس کی سہولتیں موجود ہیں جو کسٹمرز کی مختلف کرنسی کی ضروریات پوری کرسکتی ہیں۔