• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرن بہت جلد بلڈ کینسر کو شکست دے گی: انوپم کھیر

حال ہی میں بلڈ کینسر کا شکار ہونے والی سینئر بھارتی اداکارہ اور بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی چندی گڑھ سے رکنِ پارلیمنٹ کرن کھیر کے شوہر انوپم کھیر نے اپنی اہلیہ کا حوصلہ بُلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد بلڈ کینسر کو شکست دیں گی۔

اس ضمن میں بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

انوپم کھیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں اپنی اہلیہ کرن کھیر کی طرف سے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری اہلیہ کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں آپ سب کی طرف سے جو پیار مل رہا ہے، اُس کے لیے ہم دونوں آپ کے شُکرگُزار ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’آپ کی دُعاؤں نے ہمیں یہ اُمید دلائی کہ کرن بہادری سے بلڈ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گی۔‘

انوپم کھیر نے کہا کہ ’اس مشکل گھڑی میں ہر ایک کی طرف سے جذباتی سپورٹ مل رہی ہے جسے دیکھ کر بہت خوش ہوں۔‘

آخر میں اُنہوں نے کیسنر میں مبتلا تمام مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دُعا کی۔

واضح رہے کہ 1983 سے بالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کرن کھیر کے شوہر و اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے اہلیہ کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔

انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ کرن کھیر میں مائیولوما (خون کے کینسر کی ایک قسم) کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کرن کھیر کا علاج جاری ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ اس سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بن کر نکلیں گی۔

انوپم کھیر نے کہا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ کرن کھیر کا علاج بہترین ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہو رہا ہے، وہ ہمیشہ سے ایک فائٹر ہیں اور اس بیماری کو بھی شکست دیں گی۔

تازہ ترین