• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزراء مشیروں سمیت 30ارکان اسمبلی کیساتھ جہانگیر ترین کا پاور شو

وزراء مشیروں سمیت 30ارکان اسمبلی کیساتھ جہانگیر ترین کا پاور شو


لاہور (ٹی وی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے اعزار میں عشائیہ دیا گیا۔لاہور میں جہانگیر ترین کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس میں وزیروں ،مشیروں سمیت30ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق عشائیے میں 8 ارکان قومی اسمبلی، 2 صوبائی وزراء اور 4 صوبائی مشیروں سمیت 21 ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔اس موقع پر نعمان لنگڑیال، شیخ سلمان، زوار وڑائچ،عون چوہدری و دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی کا اثاثہ ہیں،بدترین حالات میں ساتھ دیا، انہیں ٹارگٹ کیا جارہا ہے، انصاف لینے وزیر اعظم کے پاس جائینگے۔ 

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے آج پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ایک بڑا عشائیہ دیا، جس میں شریک رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، شرکا نے اعلان کیا کہ وہ جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عشائیے کے شرکا حکومت کی پالیسیوں پر برس پڑے، رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کو مسلسل غلط معلومات فراہم کیے جانے پر اظہار افسوس کیا۔ 

رہنماؤں نے عشائیے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ذاتیات پر مبنی انتقامی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کی دل آزاری ہو رہی ہے، نان الیکٹڈ لوگوں کی وجہ سے معاملات بگڑ رہے ہیں، اور پی ٹی آئی کو سازش کے تحت گروپ بندی کا شکار کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، جہانگیر ترین نے شرکا کو میڈیا پر ان کا مقدمہ پیش کرنے کی بھی اجازت دے دی، انھوں نے کہا میں اپنی بےگناہی ثابت کروں گا، میرا دامن صاف ہے، میں تحریک انصاف میں ہوں، دوستوں سے ملاقات اور کھانا چلتا رہتا ہے۔ جہانگیر ترین کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں متعدد ایم پی ایز اور ایم این ایز نے شرکت کی۔

پنجاب کے 2 وزرا شریک ہوئے، 5 مشیر و معاونین وزیرا علیٰ پنجاب بھی شریک ہوئے، جن میں نعمان لغاری، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت علی خان، فیصل جبوانہ شامل ہیں۔ عشائیے میں شریک ارکان قومی اسمبلی کی تعداد 8، اور ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد 21 رہی۔ 

ارکان قومی اسمبلی میں راجہ ریاض، سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، مبین عالم، جاوید وڑائچ، غلام لالی، غلام بی بی بھروانہ شامل تھے۔ ایم پی ایز میں خرم لغاری، مہر اسلم بھروانہ، نذیر چوہان، آصف مجید، عون چوہدری، بلال وڑائچ، عمر آفتاب ڈھلوں، طاہر رندھاوا، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، امین چوہدری، افتخار گوندل، غلام رسول، سمن نعیم، سجاد وڑائچ شامل تھے۔ 

عشائیے میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے بھی شرکت کر کے جہانگیر ترین سے اظہار یک جہتی کیا، انھوں نے کہا جہانگیر ترین پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہم جتنے پارلیمنٹیرین اکھٹے ہوئے ہیں سب وزیر اعظم کے پاس ملاقات کے لیے جائیں گے، اور اپیل کریں گے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ انصاف ہو۔ 

شیخ سلمان نعیم نے کہا اخلاقی حمایت کے لیے سب جہانگیر خان ترین کے ساتھ جائیں گے، جہانگیر ترین کے خلاف کون عناصر ہیں، انھیں سامنے لایا جائے۔

تازہ ترین