• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اور وائرس زدہ ای میلز، ایف بی آر نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد(نامہ نگار)فیڈرل بور ڈ آف ریونیو کو ٹیکس گزاروں کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ انہیں ای میلز بھیجی جارہی ہیں جن میں منسلک شدہ انکم ٹیکس ڈیفالٹرز لسٹ کا حوالہ دیاگیا ہے تا کہ ٹیکس گزار لسٹ میں سے اپنا نام تلاش کر لیں۔ اس حوالے سے ایک بیان میں ایف بی آر نے ایسی کسی بھی ای میلز کے بھیجے جانے سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جعلی ای میلز alert@fbr.news ای میل ایڈریس سے بھیجی جار ہی ہیں۔ ان جعلی ای میلز میں ٹیکس گزاروں کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں کہ وہ انکم ٹیکس ڈیفالٹر ز لسٹ تفصیلات کا معائنہ کر لیں۔ اسی طرح کی کچھ مزید جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں جس میں ٹیکس گزاروں کو ڈیفالٹرز لسٹ کھولنے کے لئے پاس ورڈ بھی بھیجا جا رہا ہے۔ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو متنبہ کیا ہے کہ یہ جعلی ای میلز وائرس زدہ ہیں۔ ان جعلی وائرس زدہ ای میلز کے ذریعے ٹیکس گزاروں سے اہم معلومات لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسی جعلی ای میلز کو مکمل طور پر نظر انداز کردیں اور فوراʼʼ متعلقہ اتھاریٹیز کو اس کے بارے میں آگاہ کریں۔ ایف بی آر نے اپنی ویب سائٹ www.fbr.gov.pk کے ذریعے ٹیکس گزاروں کو ایسی جعلی ای میلز سے نمٹنے کے لئے راہ نمائی بھی فراہم کر دی ہے۔

تازہ ترین