• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صاف و شفاف انتخابات کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا،شبلی فراز


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ صاف و شفاف انتخابا ت کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا، وزیراعظم کا بیان تلخ حقیقت ہے، ملک میں انصاف کے نظام میں بہت سقم ہیں، جس پارٹی کا لیڈر قانون سے بھاگا ہوا ہو وہ کیسے قانون کی بالادستی کی بات کرسکتے ہیں،پی ڈی ایم راکھ کا ڈھیر ہے اس میں شعلہ ہے نہ چنگاری ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے ۔ پروگرام میں مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے۔

محمد زبیر نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہورہے تو عمران خان نے 3سال میں کیا کیا، عمران خان کو خود کام کرانا نہیں آتا اور روز کسی اسٹیک ہولڈر کی کلاس لے رہے ہوتے ہیں، وزیراعظم نے بھی ہاتھ اٹھادیئے ہم انصاف لینے کیا اقوام متحدہ جائیں، عمران خان کو کام سے روکا جارہا ہے تو اسمبلیاں توڑ کر عوام سے دوبارہ ووٹ لیں۔  

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم کی اس بات سے اتفاق ہے کہ نظام عدل میں بہت سے سقم ہیں، نظام انصاف میں قانون سازی سے پہلے ذہن سازی کی ضرورت ہے، وزیراعظم کا کام مسائل شناخت کرنا نہیں انہیں حل کرنا ہے، حکومت کو اصلاحات لانے کیلئے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا ہوگا، انتخابی اصلاحات میں الیکشن کمیشن سے بھی ان پٹ لینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان تلخ حقیقت ہے، ملک میں انصاف کے نظام میں بہت زیادہ سقم ہے، غریب شخص کو انصاف ملنا تقریباً ناممکن ہوجاتا ہے، جس ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، وزیراعظم نے نظام انصاف کی بات کر کے اس ایشو کوا جاگر کردیاہے اب سب کو مل کر اس پر کام کرنا ہوگا،صاف و شفاف انتخابا ت کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جس پارٹی کا لیڈر قانون سے بھاگا ہوا ہو وہ کیسے قانون کی بالادستی کی بات کرسکتے ہیں،ن لیگ نے اپنے دورِ حکومت میں تمام اداروں میں اپنے لوگوں کو شامل کیا، وزیراعظم جس نظام کی نشاندہی کررہے ہیں یہ اس کی پشت پناہی کرتے تھے، پچھلے تیس پینتیس برسوں میں اداروں کی کارکردگی بتدریج گھٹتی چلی گئی۔

شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی میں تعاون کرے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک نشست پر لڑرہے ہیں تو دوسری نشست پر مبارکبادیں دے رہے ہیں،دونوں جماعتوں نے اپنے مفادات کیلئے پاکستان کو گروی رکھ دیا ہے، پی ڈی ایم راکھ کا ڈھیر ہے اس میں شعلہ ہے نہ چنگاری ہے۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے بلاول کی مبارکباد پر شکریہ ادا کیا مگر مریم نواز کا کیا موقف ہے، ن لیگ میں مختلف گروپس ہیں ۔

مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہورہے تو عمران خان نے 3سال میں کیا کیا، وزیراعظم بتائیں نظام انصاف کی بہتری کیلئے کیا پیشرفت کی ہے، اگر پولیس انصاف کے تقاضے پورے نہیں کررہی تو اس کا ذمہ دار کون ہے۔

تازہ ترین