• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں کورونا وبا: جیلوں میں قید کشمیریوں کو فوری رہا کیا جائے، کشمیر کونسل ای یو

بھارت کی مختلف جیلوں میں قید مظلوم کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں سے یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یورپی ہیڈکوارٹر برسلز میں آج مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو نے برسلز میں یورپی یونین کے مرکزی دفاتر کی عمارت کے سامنے پلس شومین پر کیا۔ مظاہرین جو تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ماسک پہنے فاصلے پر کھڑے تھے، بینرز، کشمیری پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ 

انہوں نے بھارتی جیلوں میں تمام کشمیری قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، جن میں اہم کشمیری رہنماء یاسین ملک، شبیر شاہ، مسرت عالم، آسیہ اندرابی، ایاز اکبر اور فاروق ڈار بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی مختلف جیلوں بشمول بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا کی وجہ سے کشمیری قیدیوں کی زندگی کو سخت خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

عالمی وباء کورونا وائرس کی حدود کا خیال رکھتے ہوئے اس مظاہرے کے دوران کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، اہم کشمیری رہنماؤں چوہدری خالد جوشی، سردار صدیق، راجہ خالد اور سردار محمود نے خطاب کیا۔ جبکہ مظاہرے کے دیگر شرکاء میں شرجیل احمد، راجہ عبدالقیوم، راؤ مستجاب احمد، میر شاہجہاں، حاجی پرویز، کینتھ رائے، راجہ جاوید، مہرندیم اور ظہیر زاہد نمایاں تھے۔

مظاہرے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاکہ کورونا وبا کی وجہ سے بھارتی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کی زندگی کو درپیش خطرات بڑھ گئے ہیں، لہٰذا ان کی جانوں کو بچانے کے لیے ان کی فوری رہائی ضروری ہے۔

انہوں نے حالیہ دنوں میں اہم کشمیری رہنماء اشرف صحرائی کی بھارتی قید میں شہادت کی بھی مذمت کی اور کہاکہ اشرف صحرائی کو بروقت طبی امداد نہ دے کر شہید کیا گیا ہے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ اشرف صحرائی کی ناگہانی موت کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔


علی رضا سید نے بھارتی جیلوں میں زیر حراست تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان قیدیوں کی رہائی کے لیے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔

مظاہرین نے عالمی برادری، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کو بند کروانے اور بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کریں۔

تازہ ترین