• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف سمیت کسی سے بھی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف سمیت کسی سے بھی ذاتی مسئلہ نہیں ہے۔

حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیس ہیں۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ کسی سے بھی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، بس قومی دولت لوٹنے والوں کو چھوڑا نہیں جاسکتا ہے۔


انہوں نے ان خیالات کا اظہار اجلاس میں شہباز شریف کیس میں دائر اپیل سے متعلق بریفنگ کے موقع پر کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف، قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، جو جاری رہے گی۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس حکومتی ترجمانوں نے تجویز دی کہ آئندہ جمعہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر یوم احتجاج منایا جائے۔

وزیراعظم نے تجویز کی روشنی میں جمعہ کو سرکاری طور پر یوم احتجاج منانے کے لیے تیاری کی ہدایت کی۔

اس موقع پر کورونا وبا کے باوجود ملکی معاشی اعشاریوں، برآمدات اور ترسیلات زر پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ کورونا وباء کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

معاشی ٹیم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جبکہ پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، خطے میں پٹرولیم مصنوعات کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے۔

وزیراعظم نے اس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کررہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مثبت معاشی اعشاریوں کا فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیے، آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔

تازہ ترین