وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے استعفیٰ دے دیا۔
ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ میں کسی بھی نوعیت کی انکوائری کا سامنا کرنے کےلیے تیار ہوں، جب تک میرا نام کلیئر نہیں ہوتا میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
زلفی بخاری نےمزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا، جس پر الزام لگے، اسے کلیئر ہونے تک عہدہ چھوڑدینا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرارنگ روڈاور رئیل اسٹیٹ منصوبوں سےکوئی تعلق نہیں، اس اسکینڈل کی تحقیقات قابل شخصیت کو کرنی چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نےکہا کہ میں اس معاملے میں شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کی حمایت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ اس دوران میں میں پاکستان میں رہوں گا اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے ساتھ رہوں گا۔
زلفی بخاری نے یہ بھی کہاکہ میں نے اپنے ملک کی خدمت کے لیے اپنی اوورسیز لائف چھوڑ دی ہے۔