• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار، ماڈل اور نئی اُبھرتی ہوئی اداکارہ جنت مرزا نے اپنی منگنی کی خبروں کی تردید کردی۔

اس حوالے سے جنت مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوری شیئر کی۔

جنت مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے دوست عُمر بٹ کے ہمراہ عیدالفطر کی اپنی خوبصورت تصویر شیئر کی۔

ٹک ٹاک اسٹار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری منگنی نہیں ہوئی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب بھی منگنی یا بات پکّی ہوگی تو میں اپنے تمام مداحوں کو ضرور بتاؤں گی لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ جنت مرزا نے اپنی قریبی دوست اور ٹک ٹاک اسٹار عُمر بٹ کے ساتھ منگنی کرلی۔

جنت مرزا اور عُمر بٹ ایک دوسرے کی ویڈیوز میں دکھائی دیتے ہیں اور ان کی منگنی اور شادی کے حوالے سے خبریں اس سے قبل بھی کئی بار خبروں کی زینت بنی ہیں۔

خیال رہے کہ جنت مرزا ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پرسب سے زیادہ ایک کروڑ 50 لاکھ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار ہیں۔

پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے ملک کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔

دوسری جانب حال ہی میں جنت مرزا کی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ کا پہلا پوسٹر جاری کیا گیا تھا۔

پوسٹر کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا، فلم میں جنت مرزا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

تازہ ترین