ایک نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے پتہ چلایا ہے کہ کافی نیند کی کمی کے باعث پڑنے والے منفی اثرات کو کم کرتا ہے۔
امریکا کی مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے کافی کی اس اثر پذیری کا اندازہ لگاتے ہوئے کہا، گو کہ کیفین نیند کی کمی کے حوالے سے مدد کرتا ہے لیکن ایسے بھی نہیں ہے کہ جیسا کوئی تصور کرے۔
مشی گن یونیورسٹی کی سلیپ اینڈ لرننگ لیب کی سائنسدان اور سائیکالوجی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر کمبرلی فین کے مطابق کیفین نیند کی کمی سے پڑنے والے اثرات کو زائل کرتا ہے لیکن یہ نیند کا نعم البدل نہیں ہے۔
پروفیسر کمبرلی فین جو کہ اس تحقیقی ٹیم کی سربراہی بھی کررہی ہیں انکا مزید کہنا ہے کہ ایک رات کی نیند کی محرومی سے سیکھنے، یاداشت اور ذہنی صلاحیتوں پر جو اثرات مرتب ہوتے ہیں کیفین اس سے نبرد آزما ہوتا ہے۔
لوگ آسان قسم کے ٹاسک کافی استعمال کرکے پورے کرسکتے ہیں، تاہم اس تحقیق کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ زیادہ تر شرکا مشکل قسم کے ٹاسک سرانجام نہ دے سکے۔
پروفیسر کمبرلی فین نے مزید کہا کہ کیفین آپکے جاگنے اور کام کرنے کی صلاحیت کو برقرار رکھتا ہے لیکن یہ طریقہ کار کی غلطیوں کی روک تھام میں معاون ثابت نہیں ہوتا ہے، جیسے کہ طبی معاملات اور ڈرائیونگ وغیرہ شامل ہے۔
کیفین توانائی کو تو بڑھاتا ہے اور نیند کی کمی کے اثرات کوبھی کم کرکے موڈ بہتر کرتا ہے لیکن یہ رات کی مکمل نیند کا قطعی نعم البدل نہیں ہے۔